رنجل منڈل میں اقلیتی اقامتی اسکول عمارت کا افتتاح

   

بودھن۔/9 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن کے رنجل منڈل میں تقریباً 22 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ اقلیتی اقامتی اسکول اور جونیر کالج برائے طالبات کی عمارت کا گذشتہ روز حیدرآباد سے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورچول افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر یہاں نوتعمیر کردہ عمارت میں طالبا ت اور اقامتی ادارہ کے انتظامیہ کے ساتھ موجود سدرشن ریڈی رکن اسمبلی بودھن، ضلع کلکٹر نظام آباد راجیو گاندھی ہنمنتو ، چیرمین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان ، ضلع پریشد چیرمین و وائس چیرمین وٹھل راؤ، رجیتا یادو ڈپٹی ڈائرکٹر میناریٹی ویلفیر ضلع نظام آباد، کرشنا وینی آر ایل سی، بصیر احمد ، شیخ احمد ضیاء ، مقامی قائدین مبین خان، محمد جاوید الدین، پی سی سی ڈیلیگیٹ گنگا شنکراس تقریب میں موجود تھے۔ یہاں منعقدہ جلسہ سے سدرشن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست تلنگانہ میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس سرکار برسر اقتدار آنے کے 80 دنوں میں 30 تا 35 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں جن میں بیشتر تعداد اساتذہ کی ہے۔ سدرشن ریڈی نے طالبات اور ادارہ کے انتظامیہ کے ساتھ تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہوں نے اپنے خصوصی فنڈ سے 25کمپیوٹر سیٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں سدرشن ریڈی نے رنجل تحصیل آفس میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں 50 افراد کو شادی مبارک اور 17 کو کلیان لکشمی کے چیکس تقسیم کئے۔