رنویر سنگھ کے بیان نے پاکستانی شائقین کا دل جیت لیا

   

مانچسٹر۔19 جون (سیاست ڈاٹ کام ) جب بھی ہند۔ پاک مقابلے کا تذکرہ ہوتا ہے ہے تو دونوں ممالک کے افراد خصوصاً شوبز انڈسٹری کے افراد اپنی اپنی ٹیم کی حمایت تو کرتے ہیں لیکن حریف ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرنے کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جانے دیتے لیکن بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ نے تنقید کی روایت کو ہی بدل دیا۔ ورلڈ کپ 2019 میں بھی ہند۔ پاک میچ میں دونوں ممالک کے اسٹارز اپنی اپنی ٹیم کی حمایت کرنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔ اس موقع پر رنویر سنگھ بھی میدان میں موجود تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کو نہایت جوشیلے انداز سے حمایت کی۔ جہاں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد شائقین کے دل ٹوٹ گئے، وہیں ہندوستان کی کامیابی نے بالی ووڈ اسٹارز کے جوش میں مزید اضافہ کیا لیکن اس موقع پر بھی رنویر سنگھ نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ان کا یہ انداز لوگوں کو خوب پسند آیا۔ میچ میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد ایک مداح نے رنویر کے آگے اپنے دکھ کا اظہار کیا جس پر رنویر سنگھ نے اسے حوصلہ دیا۔ عاطف نواز نامی کامیڈین بھی اس میچ میں موجود تھے جن کا دل پاکستانی ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر ٹوٹ گیا۔عاطف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شائع کی، جس میں وہ رنویر سنگھ کے آگے اپنے دکھ کا اظہار کرتے نظر آئے، تاہم اس موقع پر رنویر نے پاکستانی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کو سراہا اور آگے مزید بہتر کرنے کی امید کا اظہار کیا۔ رنویر سنگھ نے کہا کہ ہمیشہ دوسرا موقع ضرور آتا ہے، دل چھوٹا نہ کریں، کھلاڑیوں نے اچھا کھیلا ہے، وہ پر عزم تھے اور وہ بہتری کے ساتھ واپسی کریں گے۔ رنویر کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا جبکہ پاکستانی شائقین نے رنویر کا شکریہ بھی ادا کیا۔یاد رہے کہ رنویر سنگھ اس وقت کامیاب کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر مبنی فلم 83 میں کام کررہے ہیں، اس فلم میں وہ خود کپل دیو کا کردار نبھائیں گے جبکہ ان کی اہلیہ دپیکا پڈوکون کپل دیو کی اہلیہ کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔