ماسکو؍ بیجنگ: چین نے روس کے ساتھ مشترکہ بحری اور فضائی مشقوں کا اعلان کیا ہے، جو دو بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت کی نشاندہی ہے۔ دونوں کی جانب سے اس اقدام کو مغربی قیادت والے نظام کے خلاف صف بندی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔چین کی وزارت دفاع نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر رہا ہے۔ اس اعلان کے مطابق چین ستمبر میں “بحرالکاہل کے متعلقہ علاقوں میں سمندری گشت کیلئے اپنی بحری اور فضائی افواج بھیجے گا۔یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ دونوں ممالک مغربی قیادت والے جمہوری نظام کے خلاف عسکری اور اقتصادی سطح پر کس تیزی سے صف بندی کر رہے ہیں۔روس اور چین کی افواج “نارتھ جوائنٹ 2024” کی مشقوں میں شامل ہونے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، جو روس کے ساحل سے کچھ فاصلے پر آسامن اور بحیرہ جاپان اور بحیرہ اوخوتسک کے آس پاس ہوں گی۔
چینی وزارت نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس مشق کا مقصد چینی اور روسی افواج کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کی سطح کو مزید گہرا کرنا اور سکیورٹی خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔