روس سے ہندوستان کو فضائی دفاعی نظام کی سربراہی کا آغاز

   

دبئی: روس نے ہندوستان کو ایس-400 زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایئر میزائل سسٹم کی فراہمی شروع کردی ہے۔ روس کی فیڈرل سرویس فار ملٹری ٹیکنیکل کوآپریشن (ایف ایس ایم ٹی سی ) کے ڈائریکٹر دیمتری شوگیف نے دبئی ایئر شو سے قبل یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو ایس-400 میزائل سسٹم کی فراہمی پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جا رہی ہے۔شوگیف نے کہا ’’ہندوستان کو ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی فراہمی شروع ہو گئی ہے اور منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔‘‘ چین اور ترکی کے پاس پہلے ہی ایس-400 فضائی دفاعی نظام موجود ہے۔ روس اور ہندوستان نے اکتوبر 2018 میں ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی فراہمی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔اگست میں روس کے اسٹیٹ آرمس ایکسپوٹر روسوبورونو ایکسپورٹ الیگزنڈر مائیکروف نے میڈیا کو بتایا کہ ایر ڈیفنس سسٹم ایس۔400 کی سربراہی 7 ممالک کیلئے کی جارہی ہے۔ ان میں مشرق وسطیٰ ، ایشیاء ، بحرالکاہل خطہ اور افریقہ شامل ہیں۔ روس سے حاصل ہونے والے زمین سے فضاء میں مار کرنے والے دفاعی نظام کے حصول سے ہندوستان کا دفاعی نظام مزید مستحکم ہوگا۔
جس کو اپنے پڑوسی ممالک سے سرحدی تنازعات اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔