روس پر حوثیوں کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کا الزام

   

ماسکو: گذشتہ برس غزہ پٹی میں اسرائیلی جنگ شروع ہونے اور یوکرین جنگ کے تناظر میں روس اور مغرب کے بیچ تناؤ بڑھنے کے بعد سے بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ایسے میں مغربی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ روس نے حوثیوں کو بعض معلومات فراہم کیں جو مغربی بحری جہازوں پر حملوں میں ان کے کام آئیں۔ایک باخبر ذریعے اور دو یورپی دفاعی ذمے داروں کا دعویٰ ہے کہ روس نے حوثیوں کو بحیرہ احمر میں مغربی جہازوں پر میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے حملے کے دوران میں اہداف کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔مذکورہ ذرائع کے مطابق حوثیوں نے بحری جہازوں پر حملوں میں توسیع کے ساتھ روسی سیٹلائٹ کی فراہم کردہ معلومات کا استعمال بھی شروع کر دیا۔ یہ بات امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل نے بتائی۔ ایک ذمے دار نے اس طرف اشارہ کیا کہ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ معلومات اور تصاویر ایرانی پاسداران انقلاب کے ارکان کے ذریعے منتقل کی گئیں۔اخبار کے مطابق اس معاونت سے ظاہر ہوتا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتن امریکہ کے زیر قیادت مغرب کے اقتصادی اور سیاسی نظام کو سبوتاڑ کرنے کیلئے کس حد تک تیار ہیں۔