منسک:بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے کہا ہے کہ روس کے خلاف مغربی ممالک کی پابندیاں تیسری عالمگیر جنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیلاروس کے صدر نے مغربی ممالک سے اپیل کی کہ وہ روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے میں تحمل سے کام لیں کیونکہ یہ عمل روس کو تیسری عالمگیر جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی طرف سے روس کے بینکنگ، گیس، تیل اور سوفٹ سسٹم جیسے شعبوں میں پابندیاں عائد کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ ایسے اقدامات حقیقی جنگ سے زیادہ سخت ہیں اور روس کو تیسری عالمی جنگ کی طرف لے جارہے ہیں۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اس کا انجام ایٹمی جنگ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو مشکلات سے بچانے کے لئے تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس اور روس دونوں امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی یونین کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کا مقابلہ کر لیں گے کیونکہ ہمیں اس کا تجربہ ہے اور ہم سے اس معاملہ پر ایک سے زیادہ مرتبہ بات چیت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ ممالک کی طرف سے روس کے کچھ بینکوں کو بینکوں کے انٹرنیشنل پے منٹ سسٹم سوئفٹ سے الگ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور روس پہلے ہی یہ بات واضح کر چکا ہے کہ یہ اقدام اس کے خلاف اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔