واشنگٹن : امریکہ نے روس پر یوکرین کے مزید حصوں کو ضم کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کریمیا کو ضم کرنے کی حکمت عملی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے ۔امریکہ کو خدشہ ہے کہ روس کریمیا کو ضم کرنے کی اپنی حکمت عملی کے تحت یوکرین کے مزید کچھ علاقوں کو ضم کرنا چاہتا ہے ۔ اسے خدشہ ہے کہ روس کھیرسن، زپوریزہ، ڈونیٹسک اور لوہانسک پر قبضہ کر سکتا ہے ۔بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جان کربی نے امریکی انٹیلی جنس کے حوالے سے کہا ہے کہ روس نے پہلے ہی یوکرین کے مزید علاقوں کو اپنے ملک میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ روس یوکرین کے مبینہ روسی حامیوں سے رائے شماری کرانے کا ڈرامہ کرے گا تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ یوکرین کے عوام روس میں شامل ہونے پر رضامند ہیں۔