برسلز : یورپی یونین نے کہا ہے کہ یوکرین روس کے مابین ممکنہ امن کی بحالی میں آزادی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی ضمانت شامل ہونی چاہئے.یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے دارالحکومت پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی میزبانی میں یوکرین سے متعلق غیر معمولی سربراہی اجلاس کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہی پیغام شیئر کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ سربراہی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یوکرین کو مضبوط پوزیشن میں امن کی میز پر بیٹھنا چاہئے ، اور یہ کہ امن ملک کی آزادی ، خودمختاری ، علاقائی سالمیت اور مضبوط سلامتی کی ضمانت کے ساتھ آنا چاہئے۔یہ کہتے ہوئے کہ یورپ نے یوکرین کو فوجی امداد میں اپنا مکمل کردار ادا کیا ہے ، دونوں نے کہا کہ دفاعی سرمایہ کاری ، پیداوار اور اخراجات میں اضافہ ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ اجلاس کا مقصد یوکرین کی صورتحال اور یورپ میں سلامتی کے امور پر یورپی رہنماؤں کے درمیان مشاورت کا آغاز کرنا ہے۔وان ڈیر لیئن اور کوسٹا کے علاوہ جرمنی، برطانیہ، اٹلی، پولینڈ، اسپین، نیدرلینڈز اور ڈنمارک کے رہنماؤں اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹ نے اجلاس میں شرکت کی، جہاں روس یوکرین امن مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے ایجنڈے میں شامل کیا تھا اور یورپ سے خارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔