پونے۔ روہن بوپنا اور رام کمار رامناتھن کی اسٹار ہندوستانی جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوم اے ٹی پی 250 ایونٹ میں ڈبلز خطاب جیت لیا۔ فاتح جوڑی نے 2022 کے ٹاٹا اوپن میں آسٹریلیا کے لیوک ساویل اور جان پیٹرک اسمتھ کو شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی نے شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ٹاپ سیڈ ساویل اور جان پیٹرک اسمتھ کو 6-7 (10)، 6-3، 10-6 سے ہرا کر ایک ساتھ اپنا دوسرا اے ٹی پی خطاب اپنے نام کیا۔یہ بوپنا کا 21 واں ڈبلز خطاب رہا اور پونے میں 2019 میں دیوج شرن کے ساتھ خطاب جیتنے کے بعد دوسرا اعزاز ہے۔ہندوستانی جوڑی جس نے جنوری میں ایڈیلیڈ میں ایک ساتھ اپنے پہلے اے ٹی پی خطاب کے ساتھ سال کی شروعات کی فائنل میں بھی اچھی شروعات کی اور ٹاپ سیڈز کے کچھ سخت چیلنج کے باوجود مقابلہ میں خود کو 5-4 سے آگے رکھا۔تاہم آسٹریلیائی جوڑی اپنا پہلا خطاب جیتنے کے خواہاں سیٹ کو ٹائی بریکر میں لے گئی اور تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے سیٹ کو سمیٹ لیا۔41 سالہ بوپنا اور ان کے نوجوان ساتھی رام کمار نے دوسرے سیٹ میں 4-2 کی برتری حاصل کرنے کے لیے اچھی واپسی کی۔ انہوں نے سیٹ 6-3 سے جیتنے کی رفتار کو برقرار رکھا ۔سوپر ٹائی بریکر بھی ایک قریبی معاملہ تھا لیکن بوپنا اور رام کمار نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنا دوسرا خطاب جیتنے کے لیے 10-6 سے سبقت حاصل کی۔