روینہ نے 100 آکسیجن سلنڈر وں کا کیا بندوبست

   

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے کورونا متاثرین کی مدد کیلئے 100 آکسیجن سلنڈروں کا انتظام کیا ہے۔ کورونا وبا کے بحران کے وقت روینہ نے ضرورت مندوں کی مدد کیلئے اپنا ہاتھ بڑھایا ہے۔ گزشتہ سال سے کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں کی مدد میں بالی ووڈ اسٹار سونو سود نے نمایاں کام کیا ہے۔ بعض دیگر اسٹارس بھی پریشان حال عوام کی مدد کررہے ہیں۔ اس فہرست میں روینہ کا اضافہ ہوا ہے۔روینہ نے کہا کہ دواخانے بہت زیادہ رقم وصول کر رہے ہیں ، لہٰذا ہم آکسیجن سلنڈروں کا بندوبست کر رہے ہیں جو براہ راست ضرورتمندوں کو بھیجے جا سکتے ہیں۔ 100 آکسیجن سلنڈر دہلی بھیجنے کیلئے تیار ہیں۔ ہماری ٹیم آکسیجن کٹ سے لے کر آکسیجن کنسٹریٹر تک تمام وسائل مہیا کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم انفیکشن کی روک تھام کیلئے پولیس اور این جی او سے رابطے میں ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں لوگوں سے مدد کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ روینہ نے کہا ہے کہ ’’مجھے امید ہے کہ بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کو پکڑ کر سخت کارروائی کی جائے گی۔ جو کچھ ہورہا ہے اس پر یقین کرنا مشکل ہے۔ یہ تباہی جیسا ہے۔ امیر لوگ علاج معالجے کی ادائیگی کر رہے ہیں لیکن عام آدمی کی حالت بہت خراب ہے۔ یہ مایوس کن اور شرمناک صورتحال ہے‘‘۔