احمد آباد : رکشہ ڈرائیور نے نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال سے ملاقات کے بعد یوٹرن لے لیا۔ میڈیا کے مطابق وکرم دنتانی نامی رکشہ ڈرائیور اس وقت خبروں کی زینت بنا تھا جب اس نے 2 ہفتہ قبل اروند کجریوال کو اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا۔ رپورٹس کے مطابق اروند کجریوال وکرم کے رکشے میں ہی اس کے گھر پر پہنچے تھے۔ میڈیا کے مطابق وکرم دنتانی کو جمعہ کے روز گجرات میں وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریلی میں دیکھا گیا۔ رکشہ ڈرائیور وکرم دنتانی کا کہنا ہے کہ وہ نریندر مودی کا مداح اور انکی جماعت بی جے پی کا سپورٹر ہے۔ اروند کجریوال سے متعلق سوال پوچھنے پر رکشہ ڈرائیور نے کہا کہ 13 ستمبر کو عام آدمی پارٹی کی میٹنگ کے دوران اس نے اروند کیجریوال کو دعوت رکشہ یونین کے کہنے پر دی۔ رکشہ ڈرائیور نے مزید کہا کہ میرے مدعو کرنے پر اروند کیجریوال نے فوراً حامی بھر لی تھی تاہم میں نہیں جانتا تھا کہ یہ اتنا بڑا مسئلہ بن جائے گا۔ رکشہ ڈرائیور نے واضح کیا کہ اس کا عام آدمی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔