وزیراعظم نے گجرات بھون کا افتتاح کیا، بل اور ملنڈا گیٹس کاایوارڈ
نئی دہلی ۔ 2 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں ریاستی بھون صرف گیسٹ ہاؤس نہیں بلکہ سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مراکز ہونے چاہئے ، انھیں تجارتی مراکز کی حیثیت بھی حاصل ہوسکتی ہے ۔ نئی دہلی میں گجرات بھون ’’گروی گجرات ‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنی تقریر میں عوام سے یہ اپیل کی کہ ہندوستان کو ایک بار استعمال کرکے پھینک دینے کے قابل پلاسٹک سے پاک ملک بنایا جائے۔ گجرات بھون اکبرروڈ پر 7,000مربع میٹر کے رقبہ پر واقع ہے ۔ تقریب سے چیف منسٹر گجرات روپانی نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ گجرات بھون ماحولیات دوست ہوگا ۔ دریں اثناء اطلاع ملی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو بل اور ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے ’’سوچھ بھارت ‘‘مہم کے لئے ایوارڈ دیا جائے گا ۔ دفتر وزیراعظم کے وزیر مملکت نے اس کا انکشاف کیا ۔ مودی کو جاریہ ماہ دورۂ امریکہ کے موقع پر یہ ایوارڈ پیش کیا جائے گا ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے ایک تبصرہ میں کہا کہ اُن کا دورۂ روس توقع ہے کہ تیل اور گیس کے شعبہ میں ہند۔ روس تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور اُن کے دورہ کے موقع پر کئی معاہدہ طئے پائیں گے ۔