نئے راشن کارڈس کی عنقریب اجرائی، پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کی تین سال میں تکمیل
حیدرآباد ۔9۔جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے اعلان کیا کہ پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو آئندہ تین برسوں میں مکمل کرلیا جائے گا اور متحدہ محبوب نگر ضلع آبپاشی کے شعبہ میں خود مکتفی ہوجائے گا۔ بھٹی وکرمارکا نے آج ناگر کرنول کے ونپرتی میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح انجام دیا اور کانگریس پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں بی آر ایس حکومت نے محبوب نگر کی آبپاشی ضرورتوں کو نظر انداز کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دریائے کرشنا پر تعمیر کئے جانے والے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ریونت ریڈی حکومت نے عوامی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے درمیان پہنچ کر حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے واقف کرائیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاستی وزراء روزانہ 18 گھنٹے کام کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانا کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت ریاست مالدار تھی لیکن بی آر ایس نے 10 سال میں مقروض ریاست بنادیا ہے۔ ایک سال میں قرض اور اس کے سود کی ادائیگی کیلئے 66 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ ریاست کی تشکیل کے وقت تلنگانہ کی جانب سے سالانہ قرض کی ادائیگی 6400 کروڑ تھی جو 10 سال میں بڑھ کر 66 ہزار ہوچکی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پہلے سال 7600 کروڑ کسانوں کے بینک اکاونٹس میں جمع کئے گئے ۔ دو لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم کے تحت 22 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے دس برسوں میں چار اقساط میں ایک لاکھ روپئے تک کسانوں کا قرض معاف کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وعدہ کو فراموش کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے ۔ اندراماں انڈلو اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر اور نئے راشن کارڈس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاستی وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ڈاکٹر چنا ریڈی اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ 1