سردی کی لہر میں اضافہ ، آئندہ چار دن میں درجہ حرارت میں مزیر گراوٹ کا امکان
حیدرآباد۔6۔جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موسم میںاچانک تبدیلی نے شہر کے موسم کو خوشگوار بنادیا اور تلنگانہ کے بیشتراضلاع میں سردی کی لہر میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں آئندہ 4یوم کے دوران سردی کی لہر ریکارڈ کی جائے گی اور درجہ حرارت میں 4تا6ڈگری سیلسیس کی گراوٹ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات سے قبل خانگی ماہرین موسمیات نے تین دن قبل اس بات کی پیش قیاسی کی تھی کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں 4جنوری تا 11 جنوری سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے اور اس دوران درجہ حرارت میں گراوٹ اور صبح کی اولین ساعتوں میں کہر کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے عین مطابق 4 جنوری سے ریاست میں سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور آج صبح شہر کے کئی علاقوں بالخصوص چارمینار ‘ فلک نما‘ حسین ساگر ‘ برلا مندر ‘ گولکنڈہ کے کہر آلود تصاویر نے شہریوں کو حیرت زدہ کردیا کیونکہ دن میں 8 بجے کے بعد بھی شہر کے کئی علاقوں میں موسم کہر آلودرہا۔دونوںشہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں صبح کی اولین ساعتو ںمیں مطلع کہر آلود رہا جبکہ 11بجے کے بعد سے مطلع ابرآلود ہونے کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا۔موسم میں آئی اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہا تھا کہ شام ہونے ہونے تک شہر حیدرآباد کے علاوہ مضافاتی و نواحی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی یا بارش کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے لیکن شہر میں موسم دن بھر خوشگوار رہا لیکن کسی بھی مقام پر بارش یا بونداباندی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق ریاست میں آئندہ دو یوم کے دوران سردی کی لہر میں مزید اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے امکانات ہیں۔تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد‘ میدک‘ نظام آباد ‘ سنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ ملکا جگری‘ کھمم کے علاوہ کریم نگر اور ورنگل میں بھی سردی کی لہر میں اضافہ کے علاوہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جار ہی ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق تلسنکرانت کے بعد ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں سردی کی لہر مکمل طور پر ختم ہوجائے گی اور موسم گرما کا عملی طور پر آغاز ہونے لگ جائے گا اور درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگے گا۔م