ریاست میں اردو کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے

   

تعطل کا شکار اسکیمات کو بحال کرنے کا عزم ۔ نئے صدر نشین اردو اکیڈیمی نے جائزہ حاصل کرلیا
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) نومنتخبہ صدر تلنگانہ اردو اکیڈیمی جناب محمد خواجہ مجیب الدین نے آج نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرلیا۔ ریاستی وزراء جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ ‘ مسٹر ویمولہ پرشانت ریڈی وزیر عمارات و شوارع ‘ مسٹر کے ایشور وزیر اقلیتی بہبود ‘ اراکین کونسل محترمہ کے کویتا ‘ جناب محمد فاروق حسین ‘ صدورنشین جناب محمد مسیح اللہ خان‘ وقف بورڈ‘ جناب الحاج محمد سلیم ‘ حج کمیٹی ‘ جناب اسحق امتیاز اقلیتی بالیاتی کارپوریشن کی موجود گی میں جناب محمد خواجہ مجیب الدین نے جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود و چیف ایکزیکیٹیو آفیسرو ڈائرکٹر سیکریٹری اردو اکیڈیمی جناب شاہنواز قاسم ‘ جناب محمد عطا اللہ خان‘ جناب ارشد مبین زبیری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ نومنتخبہ صدر اردو اکیڈیمی نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے انہیں جو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے وہ اسے بہتر انداز میں نبھانے کے علاوہ ریاست میں اردو کے فروغ کیلئے اقدامات کا احیاء عمل میں لایا جائے گا اور جو اسکیمات بند ہوچکی تھی ان کو دوبارہ شروع کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد خواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ اردو اکیڈیمی کو فعال اور کارکرد بنانے شہر میں موجود اردوکیلئے خدمات انجام دینے والے اداروں اور قائدین کے علاوہ سرکردہ اردو داں افراد سے مشاورت کرکے اردو کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب اردو کے فروغ کیلئے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے عہد کا اعادہ کیا اور کہا کہ گذشتہ چند یوم کے دوران انہوں نے جو تفصیلات اور جانکاری حاصل کی ہے اس کے مطابق بجٹ کی عدم اجرائی اور مستقل عہدیدارو ںکی عدم موجودگی کے باعث اردو اکیڈیمی کی اسکیمات متاثر ہوئی ہیں لیکن وہ جلد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور متعلقہ وزراء سے نمائندگی کے ذریعہ فوری بجٹ کی اجرائی و اسکیمات کے آغاز کو قطعیت دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں اردو دوسری سرکاری زبان ہے اور اردو زبان کے فروغ اور ترویج کیلئے اردو اکیڈیمی تمام عصری سہولتوں سے استفادہ کے علاوہ ارد و میڈیم اسکولس و کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کی امداد کے بھی اقدامات کا احیاء عمل میں لایا جائیگا۔ وزراء‘ صدورنشین ادارۂ جات اقلیتی بہبود‘ منتخبہ عوامی نمائندوں کے علاوہ کاماریڈی ‘ نظام آباد اور دیگر اضلاع کے کئی سرکردہ قائدین نے حج ہاؤز پہنچ کر جناب خواجہ مجیب الدین کو مبارکباد پیش کی ۔م