ریاست میں معذورین، معمرین اور خواجہ سراؤں کیلئے علحدہ محکمہ کا قیام

   


محکمہ خواتین و اطفال بہبود سے سے علحدہ کرنے کے احکامات

حیدرآباد ۔3 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے معذورین، معمرین اور خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک خودمختار محکمہ قائم کیا ہے۔ یہ طبقات ابھی تک محکمہ خواتین و اطفال میں شامل تھے، جنہیں جمعہ کو احکامات جاری کرتے ہوئے علحدہ کردیا گیا ہے اور اس نئے محکمہ کو معذورین، معمرین اور خواجہ سراؤں کیلئے بااختیار بنانے کا نام دیا گیا ہے، جس پر ریاست بھر کے معذورین نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ماضی میں حکومت نے معذورین بہبود کو محکمہ خواتین و اطفال میں ضم کردیا تھا۔ دونوں محکمہ جات میں مختلف اسکیمات پر عمل آوری میں کئی دشواریاں پیش آرہی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے معذورین کو مکمل بااختیار بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل اس سلسلہ میں حکومت کو کئی تجاویز وصول ہوئی تھیں جس پر حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ معذورین، معمرین اور خواجہ سراؤں کے محکمہ کیلئے ضلعی سطح پر ایک آفیسر کا تقرر کیا جائے گا۔ حکومت کے اس فیصلہ کا معذورین نے ریاست بھر میں خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ہے اور امید ظاہر کی ہیکہ ان کے مسائل جلد ہی حل ہوں گے اور ترقی و بہبود کیلئے نئی اسکیمات متعارف ہوں گی۔ن