ریاست میں ٹیکس چوری کی کوششوں کو برداشت نہیںکیا جائیگا

   

ریاست کی آمدنی پر چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس ۔ عہدیداروں کو ہر ممکن اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست کی آمدنی پر جائزہ اجلاس منعقد کرکے تفصیلات حاصل کی اور عہدیدارو ںکو تاکید کی کہ وہ ٹیکس وصولی کے نشانہ کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیکس چوری کو روکا جاسکے۔ چیف منسٹر کے اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ وزیر پی سرینواس ریڈی ‘ چیف سیکریٹری شانتی کماری و دیگر موجود تھے ۔ اجلاس میں ریاست کو محکمہ مال‘ محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن ‘ محکمہ آبکاری اور کمرشیل ٹیکس کی آمدنی کی تفصیلات حاصل کرکے عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ اپنے محکمہ جات کے نشانہ مقرر کرکے انہیںپورا کریں۔ ریونت ریڈی نے آبکاری عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شراب کی تیاری اور فروخت میں مکمل تفصیلات جمع رکھنے کے علاوہ جن مقامات سے شراب دکانات پر فروخت کیلئے پہنچتی ہے ان پر سی سی کیمروں کے ذریعہ انہیں کمانڈ کنٹرول سے مربوط کیا جائے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں شراب کی بوتلوں کو ٹریک کرنے کے میکانزم کو بھی فروغ دینے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے محکمہ مال اور رجسٹریشن و اسٹامپس عہدیداروں سے گذشتہ 5برسوں میںریاست کی آمدنی کی تفصیلات طلب کی اور کہا کہ آئندہ ایک سالہ منصوبہ کے بجائے طویل مدتی منصوبہ تیار کرکے آمدنی میں اضافہ اقدامات کئے جائیں۔ انہوں محکمہ کمرشیل ٹیکس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف اضلاع بالخصوص شہری اضلاع میں ٹیکس چوری پر نظر رکھیں اور کمرشیل ٹیکس کی وصولی کا نشانہ مقرر کرکے جن مقامات پر ٹیکس چوری کی کوشش کی جا رہی ہے ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کسی بھی ذریعہ آمدنی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہے گی بلکہ نقصان پہنچانے والوں کے خلاف نہ صرف کاروائی کی جائے گی بلکہ جن محکمہ جات سے ٹیکس وصولی کے معاملہ میں کوتاہی کی جا رہی ہے ان کے عہدیداروں کے خلاف کاروائی بھی ہوگی ۔ چیف منسٹر نے عہدیدارو ں کو ریاست کی آمدنی میں بہتری لانے اور نقصان سے بچانے کی تاکید کی اور کہا کہ ریاست کے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتیں محض ریاست کو حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعہ ہی پہنچائی جاتی ہیں۔3