تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کا ہنگامی اجلاس ، امتیاز اسحق کا اعلان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے ریاست میں چار اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹرس قائم کرنے کے علاوہ محبوب نگر اور نظام آباد کے کمپیوٹر سنٹرس کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحق کی صدارت میں آج پہلا بورڈ میٹنگ اجلاس منعقد ہوا ۔ جسمیں مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے زیر التواء پراجکٹس کو منظوری دی گئی اور ساتھ ہی چند نئے فیصلے کئے گئے ۔ امتیاز اسحق نے بتایا کہ ریاست میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی نگرانی میں 47 کمپیوٹر سنٹرس چلائے جارہے ہیں ۔ جن میں پہلے ہی 32 سنٹرس کو اپ گریڈ کیا گیا تھا ۔ اس اجلاس میں محبوب نگر اور نظام آباد کے کمپیوٹر سنٹرس کو نئے کمپیوٹرس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں چار اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایک سنٹر کی لاگت 25 کروڑ روپئے ہوگی ۔ یہ سنٹرس حیدرآباد ، ورنگل ، نظام آباد اور محبوب نگر میں قائم کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد میں شمس آباد کے قریب اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹرس قائم کرنے کی پیشرفت ہوئی ہے ۔ محبوب نگر میں بوتھ پر یہ سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں ان کی اسمبلی حلقہ دیورکنڈہ کے رکن اسمبلی اے وینکٹیشور ریڈی سے بات چیت ہوئی ہے ۔ جنہوں نے سنٹر کے لیے اراضی مختص کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اس کے علاوہ اضلاع ورنگل اور نظام آباد میں سنٹرس قائم کرنے کے لیے مقامی وزراء اور کلکٹرس سے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ کارپوریشن کے تحت ریاست میں 11 کمیونٹی ٹریننگ پروڈکشن سنٹرس قائم ہے ۔ جس میں مزید تین سنٹرس کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایک سنٹر کی لاگت 20 لاکھ روپئے ہوگی ۔ یہ سنٹرس نظام آباد ، محبوب نگر اور ونپرتی میں قائم کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں وائس چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اے ایچ این کانتی ویسلے محکمہ اقلیتی بہبود سے اے ناگراج سنگھ محکمہ فینانس کے ایڈیشنل سکریٹری آر روی کمپنی سکریٹری بی ایس ہری کرشنا کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔ ن