جمعہ کو 14017 میگاواٹ برقی کا استعمال ۔ گذشتہ ڈسمبر میں 10934 میگاواٹ کی طلب تھی
حیدرآباد 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاست میں برقی کی طلب میں زبردست اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور جمعہ کو ریاست بھر میں جملہ 14017 میگاواٹ برقی کا استعمال ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جاریہ ربیع سیزن میں یہ اب تک کی سب سے زیادہ برقی کی طلب تھی ۔ گذشتہ سال 29 مارچ کو ربیع سیزن میں سب سے زیادہ برقی کی طلب 14,160 میگاواٹ استعمال کی گئی تھی ۔ آج جاری کردہ ایک اعلامیہ میںٹرانسکو اور ٹی ایس جینکو کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راـؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے تمام برقی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جاریہ سیزن میں 15,500 میگاواٹ کی طلب تک سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ اور زرعی برادری کی جانب سے برقی کے زیادہ استعمال کے نتیجہ میں برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ پربھاکر راؤ نے کہا کہ ماہ ڈسمبر کے دوران طلب کا 14000 میگاواٹ تک پہونچ جانا غْر معمولی ہے کیونکہ کسان جنوری کے بعد برقی کے استعمال میں اضافہ کرتے ہیں۔ گذشتہ سال ڈسمبر میں برقی کی طلب سب سے زیادہ 10934 میگا واٹ تک ہی پہونچ پائی تھی جبکہ اس سال یہ طلب 14017 میگاواٹ تک جا پہونچی ہے ۔ پربھاکر راؤ نے مزید کہا کہ برقی کمپنیوں کی جانب سے یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ساری ریاست میں زرعی شعبہ کیلئے بلا وقفہ اور درکار مقدار میں برقی سربراہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پتہ چلا ہے کہ کچھ کسانوں کی جانب سے آٹو اسٹارٹرس کا استعمال اس وقت بھی کیا جا رہا ہے جب برقی کی طلب نہیں ہے ۔ انہوں نے ایسے میں کسان برادری سے اپیل کی کہ وہ جب ضرورت نہ ہو آٹو اسٹارٹرس کا استعمال نہ کریں اور برقی اور پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔ انہوں نے ڈسٹریبیوشن انجینئرس سے کہا کہ وہ کسانوں کو بہتر سربراہی کو یقینی بنائیں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ ضرورت نہ رہنے پر آٹو اسٹارٹرس کا استعمال نہ ہونے پائے ۔