ریاست میں ہر دو دن میں اوسطاً 5 قتل ، 15 اغوا کے کیس درج ہورہے ہیں

   


انسانی اسمگلنگ میں تلنگانہ سرفہرست ، ہر آدھا گھنٹہ میں ایک خاتون پر حملہ ، این سی آر بی کی رپورٹ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں ہر دو دن میں اوسطاً 5 قتل ، 15 اغوا کے کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ گذشتہ سال ریاست میں قتل کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو ( این سی آر بی ) کی رپورٹ 2021 میں ان واقعات کا انکشاف ہوا ہے ۔ قتل کے واقعات میں زیادہ تر خاندانی جھگڑے ، جائیداد کے تنازعہ ، رقمی لین دین ، شخصی مخاصمت ، جہیز جیسے معاملات شامل ہیں ۔ گذشتہ سال ملک بھر میں 28,605 قتل کے مقدمات درج ہوئے ۔ جس میں تلنگانہ میں 1026 کیس درج ہوئے ۔ جب کہ سال 2019 میں 839 سال 2020 میں 802 قتل واقعات پیش آئے تھے ۔ سسرالی جہیز ہراسانی سے 41 اموات ہونے کا رپورٹ میں پتہ چلا ہے ۔ شخصی مخاصمت سے 52 محبت کے معاملات میں 23 ناجائز تعلقات کی وجہ 115 افراد کا قتل ہوا ہے ۔ ریاست میں ہر 48 گھنٹوں میں 15 افراد اغوا کا شکار ہوئے ہیں ۔ سال 2021 کے دوران ریاست میں 2760 افراد کا اغوا ہوا ہے ۔ اغوا ہونے والوں میں اندرون 18 سال عمر کے 1785 افراد ہیں ۔ ان میں 1526 لڑکیاں ہیں ۔ گذشتہ سال تلنگانہ میں خواتین پر مظالم کے 20,865 کیس درج ہوئے ۔ اس زمرے میں ہر آدھا گھنٹہ میں ایک خاتون پر حملہ ہوا ہے ۔ گذشتہ سال جملہ 823 عصمت ریزی کے واقعات درج ہوئے ۔ ان میں صرف 4 کیس ایسے ہیں جس میں متاثرہ کی ملزم سے کوئی جان پہچان نہیں ہے ۔ ماباقی کیس میں جان پہچان رکھنے والوں نے متاثرین سے زیادتی کی ہے ۔ انسانی اسمگلنگ کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ گذشتہ سال ریاست میں انسانی اسمگلنگ کے 347 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ ان میں 222 افراد 18 سال سے کم عمر کے ہیں ۔ ماضی کے بہ نسبت معصوم لڑکیوں کے مظالم میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست بھر میں سال 2021 کے دوران معصوموں پر مظالم کے 5667 مقدمات درج ہوئے ہیں ۔ گذشتہ سال ریاست میں 15 غیر ملکیوں پر مختلف جرائم ہوئے ہیں ۔ گذشتہ تین سال کے بہ نسبت غیر ملکیوں پر جرائم کے کیسیس میں دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔ غیر ملکیوں پر کرناٹک اور ٹاملناڈو کے بعد ریاست تلنگانہ میں زیادہ جرائم درج ہوئے ہیں ۔ ریاست میں گذشتہ سال 3956 بچوں کے گمشدہ ہونے کے مقدمات درج ہوئے ہیں ۔ جن میں 1382 لڑکے اور 2574 لڑکیاں شامل ہیں ۔ یعنی ہر 24 گھنٹوں میں اوسطاً 10 بچے گمشدہ ہورہے ہیں ۔ تاہم بہت سے معاملات میں تلنگانہ پولیس نے ’ درپن ایپ ‘ کی مدد سے لاپتہ ہونے والے بچں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ان کے والدین کے حوالے کیا ہے ۔ ریاست میں مختلف مقدمات میں پولیس ملازمین بھی ملزم پائے گئے ہیں گذشتہ سال ریاست بھر میں پولیس پر 91 کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ 42 مقدمات میں چارج شیٹس داخل ہوئی 14 کیسیس میں اعلیٰ عہدیداروں نے اپنی رپورٹ میں انہیں بچالیا ہے ۔ مختلف مقدمات میں 50 پولیس ملازمین کو گرفتار کیا گیا ۔ 10 پولیس ملازمین ڈیوٹی کے دوران زندگیوں سے محروم ہوئے ۔ گذشتہ سال پولیس فائرنگ میں ایک شہری ہلاک ہوگیا ۔ گذشتہ سال تلنگانہ پولیس نے 150 ہتھیار اور 103 گولہ بارود / دھماکہ خیز اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ان میں143 بغیر لائسنس کے غیر قانونی ہتھیار تھے ۔ غیر سماجی طاقتوں سے چار ہتھیار ضبط کئے گئے ہیں