ریاست میں 12 مئی سے 22 مئی تک شدید گرمی کی لہر کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔10 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتراضلاع میں 12 مئی سے گرمی کی تیسری لہر کا آغاز ہوگا اور اس دوران کئی اضلاع میں درجہ حرارت 47ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات سے جاری پیش قیاسی میں کہاگیا کہ تلنگانہ میں تیسری گرمی لہر انتہائی خطرناک ہونے کا خدشہ ہے اور اس گرمی کی لہر کے دوران لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ بتایا جاتاہے کہ 12 مئی سے شرو ع ہونے والی شدید گرمی کی یہ لہراب تک کی طویل گرمی کی لہر ہوگی جو کہ 22 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شمالی و مشرقی تلنگانہ کے اضلاع اس گرمی کی لہر کے دوران شدید متاثر رہیں گے اور ان اضلاع میں آئندہ 10 یوم کے دوران سخت احتیاطی اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ کئی اضلاع میں درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرجانے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔اسی طرح دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں 12 مئی کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ کے بعد 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے اور عوام کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ سخت گرمی کے اوقات میں اپنے گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور شدید گرمی کے ان ایام کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کے علاوہ ٹھنڈے مشروبات کے استعمال کو یقینی بنائیں اور شام کے اوقات میں ہی گھروں سے باہر نکلیں تاکہ لو لگنے کے واقعات سے محفوظ رہ سکیں۔3