ٹنڈرس داخل کرنے کی 8 جون آخری تاریخ، 980 کروڑ روپئے مختص
حیدرآباد ۔ 14 مئی (سیاست نیوز) ریاست میں 8 میڈیکل کالجس کی تعمیرات کیلئے محکمہ عمارت و شوارع نے ٹنڈرس طلب کیا ہے۔ ریاستی حکومت ہر ضلع میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے کام کرہی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں 8 میڈیکل کالجس جگتیال، منچریال، راماگنڈم، محبوب آباد، بھدرادری کتہ گوڑم، سنگاریڈی، ونپرتی، ناگرکرنول میں قائم کئے گئے ہیں جس کے لئے 930 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ تعمیرات کی ذمہ داری محکمہ عمارت و شوارع کے حوالے کی گئی ہے۔ ریاستی وزیر وی پرشانت ریڈی نے میڈیکل کالجس کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دی ہے جس کے بعد عہدیداروں نے ٹنڈرس طلب کیا ہے۔ واضح رہیکہ پہلے مرحلہ میں حکومت نے 4 میڈیکل کالجس قائم کیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں 8 مقامات کا انتخاب کرتے ہوئے میڈیکل کالجس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ کنٹراکٹرس کا انتخاب ہونے کے بعد معاہدہ کرنے کے وقت سے اندرون 15 ماہ تعمیرات مکمل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ 8 جون تک ٹنڈرس داخل کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اسی دن ٹنڈرس کھلے جائیں گے۔ 14 جون کو منتخب کنٹراکٹرس کا اعلان کیا جائے گا۔ سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کی تعمیر کیلئے 95 کروڑ، محبوب آباد، ناگرکرنول میں میڈیکل کالجس کی تعمیرات کیلئے فی کس 105 کروڑ، ساتھ ہی جگتیال میڈیکل کالج کیلئے 110 کروڑ، ونپرتی میڈیکل کالج کیلئے 115 کروڑ، بھدرادری کتہ گوڑم میڈیکل کالج کیلئے 120 کروڑ، منچریال میڈیکل کالج کیلئے 130 کروڑ، راماگنڈم میڈیکل کالج کیلئے 150 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ن