حیدرآباد میں ایک شخص نالہ میں بہہ گیا، آئندہ 48 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کا امکان
حیدرآباد۔29جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام اضلاع میں گذشتہ شب سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد میں بارش کے دوران میاں پور میں ایک شخص کے نالہ میں بہہ جانے کے واقعہ کے درمیان محکمہ موسمیات نے تمام اضلاع کیلئے ’’آرینج الرٹ ‘‘ جاری کیا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں موسلادھار بارش اور شہر حیدرآباد میں ہلکی اور تیز بارشوں کی پیش قیاسی کی ہے۔ گذشتہ شب ویشالی نگر کے نالہ میں بالیا نامی شخص گرگیا اور پانی کے تیز بہاؤ کے سبب بہہ جانے کی شکایت کے ساتھ ہی ’حیڈرا‘ و دیگر متعلقہ ادارہ جات نے پولیس کی نگرانی میں بالیا کی تلاش کا آغاز کردیا۔ ریاست کے 6 اضلاع میں ’’آرینج الرٹ ‘‘ جاری کیا گیا ہے ان میں ہنمکنڈہ ‘ بھوپل پلی ‘ جگتیال ‘ کریم نگر ‘ پدا پلی ‘ راجنا سرسلہ شامل ہیں جبکہ سدی پیٹ‘ سوریہ پیٹ‘ حیدرآباد‘ جنگاؤں‘ کاماریڈی ‘ کھمم ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ یدادری بھونگیر‘ میدک ملوگو‘ محبوب آباد‘ میڑچل ملکا جگری ‘ رنگاریڈی ‘ عادل آباد‘ منچریال کے لئے ’’زرد الرٹ‘‘ جاری کیاگیا ہے۔گذشتہ شب سے جاری بارش کے دوران ریاست کے بیشتر اضلاع میں کئی مقامات پر پانی سڑکوں پر بہہ رہا تھا علاوہ ازیں شہر حیدرآباد کے کئی مقامات پر بارش کے نتیجہ میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔رات بھر جاری رہنے والی بارش کے سبب کئی مقامات پر درختوں کے گرنے اور برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں ہوئی مسلسل بارش کے سبب کئی مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جبکہ تالابوں اور ندی کے قریب مکینوں کو چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔تلنگانہ کے کئی اضلاع میں نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔خلیج بنگال میں شدید ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں جاری مسلسل بارش کے نتیجہ میں دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور 29جولائی کو درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کئے جانے کے بعد دونوں شہرو ںکے علاوہ ریاست بھر کے تمام اضلاع میں ضلع انتظامیہ نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے عہدیداروں کو متحرک رہنے اور نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کیں اور ایمرجنسی ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لانے کے اقدامات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ اضلاع میں جہاں’آرینج الرٹ ‘ جاری کیا گیا ہے ان اضلاع کے انتظامیہ کو ذخائر آب و تالابوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔3