عوام کو مشکلات کا سامنا ، حکومت کے دعوے کھوکھلے
حیدرآباد۔10 جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کے دعوؤں کے دوران ریاست کے عوام کو کئی مقامات پر غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں رات کے اوقات کے علاوہ دن میں بھی بار بار برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونے لگا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عہدیدارو ںکو دی جانے والی ہدایات کے باوجود شہری علاقوں میں برقی کٹوتی کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں اور ان میں اضافہ ہی ہوتا جا رہاہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹربیوشن کمپنی لمیٹڈ کے عہدیدارو ںکے مطابق جن علاقوں میں مرمتی کام یا آلات کی تبدیلی کی جارہی ہے ان علاقوں میں برقی منقطع کرنے کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں لیکن رات دیر گئے برقی سربراہ منقطع کئے جانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے استفسار کے متعلق کوئی عہدیدار جواب دینے کے لئے آمادہ نہیں ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گرمی میں معمولی اضافہ کے ساتھ ہی برقی کٹوتی کا آغاز کیا جانے لگا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر ریاست میں گرمی کا موسم شروع ہوتا ہے تو ایسی صورت میں برقی سربراہی میں کتنا خلل پیدا ہوگا !دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مکینوں کے علاوہ ریاست میں تجارتی برقی کنکشن رکھنے والوں کی جانب سے اس بات کی شکایات عام ہونے لگی ہیں لیکن اس کے باوجود ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے عہدیدار اس معاملہ میں کوئی اقدامات کے لئے تیار نہیں ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرس کے علاوہ برقی تارو ں کی تبدیلی کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو واقف کروایا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود خصوصی بجٹ منظور نہ کئے جانے کی وجہ سے مرمتی کاموں کو مکمل کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے گنجان آبادیوں میں برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونے لگا ہے اور آئندہ دنوں میں گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی برقی طلب میں ہونے والے اضافہ کی وجہ سے مزید خلل کے خدشات پائے جانے لگے ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کے عہدیداروں کے مطابق دونوں شہرو ںمیں موسم گرما کے آغاز سے قبل تمام مرمتی کاموں اور ٹرانسفارمرس کے بوجھ کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔م
اور اس عمل کو مکمل کردیئے جانے کے بعد دونوں شہرو ںمیں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔م