ریاض سنٹر میں یومیہ 50 ہزار افرادکو ویکسین لگانے کا امکان

   


ریاض ۔ سعودی میڈیا نے کہا ہے کہ اس وقت تک مملکت میں 50 لاکھ سے زائد فائزر ویکسین پہنچ چکی ہیں، جبکہ دوسری ویکسین کے حوالے سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ چند دنوں میں اس بارے میں اعلان کیا جائے۔ ریاض میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹرمیں 540 ویکسینیشن رومز موجود ہیں جہاں ایک ہزار طبی عملہ ڈیوٹی دیتا ہے۔ ریاض کے ویکسینیشن سنٹرکی استعداد کار میں اضافے کے بعد امکان ہے کہ یومیہ 50 اہزار افراد اس سے مستفید ہوں گے۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ریاض کے سنٹر میں خدمات کی فراہمی 24گھنٹے کردی جائیں۔ فی الوقت وہاں صبح 8 سے رات 12 بجے تک کا وقت مقرر ہے۔ سنٹرکے اوقات میں متوقع اضافے سے یومیہ مستفیض ہونے والوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ جائے گی جبکہ عملے کی تعداد میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ ویکسینشن کا پہلا مرحلہ معمر اور بیمار افراد کے حوالے سے آئندہ ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا جس میں 50 برس کے لوگ شامل ہوں گے جنہیں کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔