ریاض میں اسٹیج شو کے دوران چاقو سے حملہ

   

دو مرد اور ایک خاتون فنکار پر حملہ کرنے والا یمنی شخص گرفتار

ریاض 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک اسٹیج شو کے دوران یمنی شخص نے تین فنکاروں پر چاقو سے حملہ کردیا۔ سعودی عرب میں تفریحات پر پابندی میں نرمی کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ ٹی وی فٹیج کے مشاہدہ کے بعد حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بیرونی تھیٹر گروپ کی جانب سے ریاض کے کنگ عبداللہ پارک میں میوزیکل پروگرام پیش کیا جارہا تھا کہ اس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ سکیوریٹی فورسیس نے بتایا کہ لائیو پروگرام کے دوران ایک شخص نے دو مرد اور ایک خاتون فنکار پر چاقو سے حملہ کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ یمنی شخص کو گرفتار کرلیا گیا اور حملہ میں استعمال کی گئی چاقو کو ضبط کرلیا گیا۔ فنکاروں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ تاہم اُن کی قومیت سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ حملہ کرنے کا مقصد بھی واضح نہیں کیا گیا۔ کنگ عبداللہ پارک میں دو ماہ طویل ’’ریاض سیرن‘‘ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول جاری ہے جو سیاحوں کی تفریح کے لئے حکومت کے منصوبہ کا حصہ ہے۔ سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں کئی اصلاحات کرتے ہوئے سنیما ہالس کی دوبارہ کشادگی اور کنسرٹس کی اجازت دی ہے۔ انھوں نے خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی کو بھی ختم کردیا تھا۔ دو سال کے قلیل عرصہ میں سعودی عرب میں بیرونی فنکاروں کی جانب سے پروگرام پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا جن میں جنوبی کوریا کے بوائے بیانڈ سے لے کر پاپ آئیکان جانیٹ جیاکسن کا پروگرام بھی شامل ہے۔سعودی عہدیداروں نے قدامت پسند سماج میں ایسے پروگرام کو متعارف کرنے کے خلاف انتباہ دیا تھا۔