ریباکینا نے سبالینکا کو شکست دے کرخطاب جیت لیا

   

نیویارک،13 ستمبر (آئی اے این ایس) ایلینا ریباکینا نے دو مرتبہ کی دفاعی چمپئن آرینا سبالینکا کو شکست دے کر یو ایس اوپن ویمنز سنگلز کا خطاب اپنے نام کرلیا۔آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ریباکینا نے سبالینکا کو 6-4، 5-7، 6-2 سے شکست دی۔ یہ مقابلہ 2 گھنٹے 21 منٹ جاری رہا۔ ریباکینا کا یو ایس اوپن میں یہ پہلا خطاب ہے۔ انہوں نے رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے فائنل میں بھی سبالینکا کو شکست دی تھی۔ اس طرح انہوں نے اپنے گرآنڈ سلام سیزن کا آغاز اور اختتام دونوں بڑے خطابات کے ساتھ کیا۔ یہ ان کا مجموعی طور پر تیسرا گرانڈ سلام خطاب ہے۔ اب انہیں کیریئرگرانڈ سلام مکمل کرنے کے لیے صرف فرنچ اوپن کا خطاب درکار ہے۔خطاب تک رسائی کے دوران ریباکینا نے سبالینکا کی 99 ہفتوں سے جاری عالمی نمبر ایک کی حکمرانی بھی ختم کردی۔ اس کامیابی کے بعد حاصل ہونے والے پوائنٹس کی بدولت وہ پیرکو نئی درجہ بندی جاری ہونے پر عالمی نمبر ایک بن جائیں گی۔ ریباکینا 2000 کے بعد ایک ہی سال میں آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن دونوں جیتنے والی تیسری کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل اینجلیک کربر نے 2016 میں جبکہ سبالینکا نے 2024 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ ریباکینا کے لیے 2026 کا یہ تیسرا اورکیریئر کا 14واں خطاب ہے۔سبالینکا کے خلاف ریباکینا کا ڈبلیو ٹی اے ٹور پر ریکارڈ اب 8-10 ہوگیا ہے۔ ان کی اس حریف کے خلاف گزشتہ تین فتوحات انتہائی اہم مقابلوں میں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ڈبلیو ٹی اے فائنلزکے چمپئن شپ میچ، رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن فائنل اوراب یو ایس اوپن فائنل میں سبالینکا کو شکست دی۔ سبالینکا کو شکست دے کر یو ایس اوپن کا خطاب جیتنے والی ریباکینا 2002 کے بعد پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے یو ایس اوپن خواتین سنگلزکے فائنل میں دفاعی چمپئن کو شکست دی۔ 2002 میں سرینا ولیمز نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ کسی بھی گرانڈ سلام میں دفاعی چمپئن کو فائنل میں شکست دینے والی گزشتہ کھلاڑی میڈیسن کیز تھیں، جنہوں نے 2025 کے آسٹریلین اوپن میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ ریباکینا یو ایس اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو شکست دینے والی بھی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں جب سے سرینا ولیمز نے 2012 میں وکٹوریہ آزارینکا کو شکست دی تھی۔