ریجنل رنگ روڈ کیلئے اضلاع میدک اور سدی پیٹ میں سروے کا آغاز

   

حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے اضلاع میدک اور سدی پیٹ کے مختلف منڈلوں میں سروے کے کاموں کا آغاز ہوگیا ہے۔ چار منڈلس میں مارکنگ بھی کی گئی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے حیدرآباد ریجنل رنگ روڈ کے نام 344 کیلو میٹر ریجنل رنگ روڈ تعمیر کرنے کا مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے تعاون و اشتراک سے قطعی الاٹمنٹ کو منظوری دی گئی ہے۔ شمالی حصہ میں پہلے مرحلہ کے تحت 158.46 کیلو میٹر تک ریجنل رنگ روڈ تعمیر کی جارہی ہے جو اضلاع سنگاریڈی، میدک، سدی پیٹ، یدادری، بھونگیر کے 20 منڈلوں اور 111 گاؤں کا احاطہ کرتے ہوئے گذرے گی۔ اس کی تعمیر پر 7512 کروڑ روپئے کے مصارف ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ ریجنل رنگ روڈ کے پہلے مرحلہ کی تعمیر کیلئے 4620 ایک اراضی حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ حصول اراضی کی ذمہ داری آر ڈی اوز کے حوالے کرتے ہوئے انہیں (او ایس ڈی) آفیسران اسپیشل ڈیوٹی نامزد کیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا نے ضلع سنگاریڈی کے سنگاریڈی، اندول ضلع میدک میں نرساپور، توپران، ضلع سدی پیٹ میں گجویل ضلع یدادری، بھونگیر میں بھونگیر، چوٹ اپل کے آر ڈی اوز کو اسپیشل اتھاریٹیز نامزد کیا ہے۔ سروے کے بعد ان کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور مالکین اراضیات کو نوٹس دی جائے گی۔ توپران کے پاس ایک بڑا برج بھی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سروے کا آغاز کیا گیا مگر مقامی عوام کو اس سے لاعلم رکھا گیا ہے جس سے مقامی عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ گوگل میاپس کے ذریعہ عصری آلہ جات، جی پی ایس اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ سروے کیا جارہا ہے۔ن