ریجنل رنگ روڈ کیلئے حصول اراضی میں تیزی لائی جائے

   

عہدیداروں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ ریجنل رنگ روڈ (آر آر آر) کے شمالی حصہ کیلئے حصول اراضی کاموں میں سرعت پیدا کریں اور اس کام کو جلد مکمل کریں۔ چیف منسٹر نے حصول اراضی میں کسانوں کو ان کی اراضیات کیلئے فراخدلانہ معاوضہ ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ حاصل ہو۔ چیف منسٹر نے کل ریجنل رنگ روڈ کیلئے حصول اراضی، نیشنل ہائی ویز، معاوضہ، ایچ اے ایم اسکیم کے تحت سڑکوں کی تعمیر اور ریڈیئل سڑکوں کی تعمیر پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ حصول اراضی کے دوران مقامی عوامی نمائندوں سے بات چیت کریں۔ سڑکوں کی تعمیر کے فوائد کو بتاتے ہوئے کسانوں کے ساتھ بار بار میٹنگ کرنے سے تیز تر حصول اراضی میں مدد ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چونکہ این ایچ اے آئی نے ریجنل رنگ روڈ (ساوتھ) کی اصولی طور پر منظوری دی ہے۔ اس لئے ایچ ایم ڈی اے کے ساتھ اس کی روٹ کو قطعیت دینے کی تجویز ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حصول اراضی میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور نئے منظورہ نیشنل ہائی ویز کی تعمیر کیلئے محکمہ جنگلات سے منظوری حاصل کرنے کے سلسلہ میں کئی مشورے دیئے۔