ریزرو بنک آف انڈیا کا پلاسٹک نوٹ متعارف کرنے پر غور

   

حالیہ پٹنہ اور ممبئی کی بورڈ میٹنگس میں جائزہ ، نوٹوں کی چھپائی پر 6373 کروڑ کا خرچ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان میں ریکارڈ اضافے کے باوجود نقدی ( کیش ) کے استعمال اور مانگ میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اسی تناظر میں ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے روایتی کاغذی نوٹوں کی جگہ زیادہ پائیدار اور جدید پلاسٹک ( پولیمر ) کے کرنسی نوٹ متعارف کرنے کیلئے ایک بار پھر سنجیدگی سے کام شروع کردیا ہے ۔ بینکنگ ذرائع کے مطابق حال ہی میں پٹنہ اور ممبئی میں منعقدہ آر بی آئی کی اعلیٰ سطحی بورڈ میٹنگوں میں اس معاملے پر گہرائی سے غور کیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آر بی آئی بہت جلد اس انقلابی اقدام کیلئے ایک پائلٹ پراجکٹ کا باضابطہ اعلان کرسکتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کاغذی نوٹوں کے مقابلے پلاسٹک کے نوٹوں کی پرنٹنگ طویل مدت میں کم مہنگی ثابت ہوتی ہے کیوں کہ یہ نوٹ پانی سے خراب نہیں ہوتے ۔ آسانی سے پھٹتے بھی نہیں اور ان کی عمر کاغذی نوٹوں سے کہیں زیادہ ہوتی ہے ۔ اس وقت ملک کے پاس ایسی مناسب ٹکنالوجی موجود ہے جس کی مدد سے ATMs مشینوں کو بھی ان نئے پلاسٹک نوٹوں کی تقسیم کے مطابق آسانی سے تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ آر بی آئی کے اس بڑے منصوبے کے پیچھے ملک میں زیر گردش نقدی کے بڑھتے ہوئے اعداد و شمار اور نوٹوں کی چھپائی پرآنے والے بھاری اخراجات ہیں ۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق 15 مئی تک ملک میں زیر گردش مجموعی کرنسی 42.86 ٹریلین روپئے کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ جب کہ مالیاتی سال 2025 میں نوٹوں کی چھپائی کی لاگت بڑھ کر 6,373 کروڑ روپئے تک جا پہونچی ہے ۔ اس کے علاوہ پرانے اور خراب نوٹوں کو تبدیل کرنا بھی آر بی آئی کیلئے ایک بڑا سر درد بن چکا ہے ۔ جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف پچھلے سال بینک کو تقریبا 23.8 بلین پرانے نوٹ واپس لینے پڑیں جن میں 100 اور 500 روپئے کے نوٹ سب سے زیادہ شامل تھے ۔ اگرچہ مارکیٹ میں 10 اور 20 روپئے کے نوٹوں کی مانگ سب سے زیادہ ہے لیکن جملہ کرنسی کی قیمت میں ان کا حصہ بالترتیب صرف 0.8% اور 0.7% ہے اور چھوٹے کاغذی نوٹ بہت جلدی خراب ہوجاتے ہیں ۔ آر بی آئی نے ماضی میں ان چھوٹے نوٹوں کی جگہ سکوں کا استعمال بڑھانے کی کوشش کی تھی لیکن اس کے متوقع نتائج سامنے نہیں آئے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2012 میں اس وقت کی یو پی اے حکومت نے تجرباتی بنیادوں پر پانچ شہروں میں 10 روپئے تک پلاسٹک نوٹ چلانے کی کوشش کی تھی مگر تکنیکی وجوہات پر وہ منصوبہ روکنا پڑا تھا ۔ اب جدید ترین ٹکنالوجی کی دستیابی کے بعد آر بی آئی نے نوٹوں کی چھپائی کے بوجھ اور کرنسی کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے پر عزم ہے تاکہ جلد از جلد چمکدار اور پائیدار نوٹ عوام کی جیبوں تک پہونچ سکے ۔۔ 2/m/b
اسکولی بچوں اور حفاظ کے لیے اسلامی کوئیز مقابلہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( راست ) : ماہ مقدس ربیع الاول کی مناسبت سے طلبہ میں اسلامی معلومات بڑھانے کے مقصد کے تحت اسلامک کوئیز مقابلہ برائے اسکولی طلبہ اور حفاظ کرام رکھا گیا ہے ۔ شرکت بالکل مفت رہے گی پانچ راونڈس ہوں گے ۔ قرآن کوئیز قرآنی معلومات ، تاریخ اسلام ، سیرت طیبہؐ ، صحابہ کرام ؓ اور اسلامی بنیادی معلومات کا رہے گا ۔ خواہش مند اسکول انتظامیہ اور طلبہ حفاظ ذریعہ واٹس ایپ 9063244927 پر نام درج کرائیں ۔۔