حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) عام طور پر طویل مسافت طئے کرنے والے مسافرین کو کسی ایک مقام پر ٹرین تبدیل کرنی پڑتی ہے اور ٹرینوں کے مختلف اوقات کے نتیجہ میں انہیں گھنٹوں انتظار کی زحمت سے گذرنا پڑتا ہے۔ مسافرین اپنے بیوی بچوں کے ساتھ گھنٹوں ریلوے پلیٹ فارم پر ٹرین کے انتظار میں پڑے رہتے ہیں۔ اس دوران ان کے سامان کی چوری اور دھوکہ دہی کے معاملات پیش آتے ہیں۔ مسافرین کو آرام فراہم کرنے کیلئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے حیدرآباد کے اہم اسٹیشنوں پر ’ ریسٹ روم ‘ جسے ریٹائرنگ رومس کا نام دیا گیا ہے متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکندرآباد اور نامپلی ریلوے اسٹیشنوں پر 30 ریٹائرنگ رومس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جہاں بنیادی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ مسافرین 2 گھنٹے سے 48 گھنٹوں تک اس روم میں آرام کرسکتے ہیں۔ ریٹائرنگ روم کیلئے ٹکٹ کی بکنگ کے ساتھ ساتھ روم کی بکنگ بھی مسافرین کو کروانی ہوگی۔ سیاحوں اور دور دراز کے علاقوں کو جانے والے افراد کیلئے یہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ سکندرآباد اور نامپلی سے روزانہ کم از کم 2 لاکھ افراد مختلف علاقوں کا سفر کرتے ہیں اور ان میں سے کئی ٹرین کی تبدیلی کیلئے اسٹیشن پر قیام کرتے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ ٹکٹ کی بکنگ کے وقت ہی ریٹائرنگ روم کی بکنگ کروانی ہوگی۔ر