ریلوے میں ملازمت کے امتحانات کی یکسوئی کی تیاری پر زور

   

دفتر سیاست میں محمد عثمان سابق ریلوے آفیسر کا معلوماتی لکچر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریلوے حکومت ہند کا ایسا محکمہ ہے جس میں ملازمین کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ ریلوے کی ایک لمبی تاریخ ہے ۔ ملک میں 20 میل کے فاصلہ سے بمبئی سے تھانہ تک پہلی ٹرین چلی تھی ۔ آج ملک کے طول و عرض میں 65 ہزار کلومیٹر پر پھیلی ریلوے لائن ہیں ۔ اس میں ملازمت حاصل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو شاندار بنایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد عثمان سابق ریلوے آفیسر ساوتھ سنٹرل ریلوے نے یہاں سیاست گولڈن جوبلی ہال عابڈس میں ریلوے میں روزگار کے مواقع پر لکچر دیتے ہوئے کیا اور کہا کہ اس وقت ملک میں 17 ریلوے زونس ہیں اور 19 ریلوے رکروٹمنٹ بورڈس ہیں جن کے ذریعہ گروپ بی ، سی اور دیگر زمرہ جات کے مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کی جاتی ہے ۔ اس وقت میٹرک امیدواروں کے لیے آر پی ایف کانسٹبلس کے تقررات کے لیے فارمس آن لائن داخل کئے جارہے ہیں اور جونیر انجینئرس کے لیے انجینئرنگ کے ڈپلوما ہولڈرس اور بی ٹیک ، بی ای امیدواروں کے لیے دو مرحلوں میں امتحان رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے ریلوے کے مختلف شعبہ جات کے حوالہ سے معلومات فراہم کی اور مسلم اقلیت نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے مختلف محکمہ جاتی مسابقتی امتحانات میں شرکت کریں ۔ اپنی عام معلومات کو بڑھائیں ۔ ذہنی رجحان کے سوالات کی مشق کریں ۔ مسٹر عابد صدیقی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنی تقریر میں سرکاری ملازمت کی اہمیت بتائی اور کہا کہ آج مسلمانوں کا تناسب سرکاری ملازمتوں میں گھٹ گیا ہے ۔ بچے جو اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں وہ دیگر مسابقتی امتحانات میں شرکت کرتے ہوئے اچھا مظاہرہ کریں تو انہیں اعلیٰ عہدوں پر تقررات کا موقع ملتا ہے اور ترقی کے کافی مواقع ہیں ۔ مسٹر ایم اے حمید نے ریلوے ملازمتوں کے ہونے والے امتحانات کی تفصیلات بتلائی اور امتحانی طریقہ کار سے واقف کروایا ۔ آخر میں طاہر پاشاہ قادری نے شکریہ ادا کیا ۔۔