ریونت ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کی آج نئی دہلی روانگی

   

وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات، کانگریس ہائی کمان سے ریاستی امور پر بات چیت کا امکان
حیدرآباد ۔25۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کل 26 ڈسمبر کو نئی دہلی روانہ ہونگے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شام 4 بجے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا وقت مقرر ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی وزیراعظم مودی سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ مرکز سے تلنگانہ کو زیر التواء فنڈس کے علاوہ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر وزیراعظم سے نمائندگی کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر مرکز سے فنڈس کے بقایہ جات اور ریاستی اسکیمات اور پراجکٹس میں تعاون کی تفصیلات کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ریونت ریڈی کانگریس ہائی کمان کے اہم قائدین سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی کے علاوہ کابینہ میں توسیع جیسے امور پر بات چیت چیف منسٹر کے ایجنڈہ میں شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 ڈسمبر کو ناگپور میں کانگریس کے 139 ویں یوم تاسیس پروگرام کے سلسلہ میں ہائی کمان کے قائدین مصروف ہیں۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے بنگلور میں ہیں جو منگل کی شام نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ ناگپور پروگرام سے عین قبل ریونت ریڈی کی سونیا اور راہول گاندھی سے ملاقات کے امکانات موہوم ہیں۔ تاہم چیف منسٹر دہلی میں قیام کے دوران ہائی کمان سے ملاقات کی مساعی کریں گے۔ جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینو گوپال سے ملاقات طئے بتائی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی کابینہ میں توسیع کے علاوہ راجیہ سبھا اور کونسل نشستوں کے بارے میں وینو گوپال سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ وہ سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے پولیٹیکل افیرس کمیٹی اجلاس کی قرارداد پیش کریں گے جس میں لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ کے کسی حلقہ سے مقابلہ کی دعوت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر توقع ہے کہ منگل کی رات حیدرآباد واپس ہوجائینگے۔ وہ 28 ڈسمبر کو ناگپور میں کانگریس کی یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیں گے۔ ناسازیٔ مزاج کے باوجود وزیراعظم سے ملاقات کا وقت طئے ہونے کے باعث ریونت ریڈی نے دورہ دہلی کا منصوبہ بنایا ہے۔ر