ریونت ریڈی حکومت نے قرض کم لیا ، ادائیگیاں زیادہ کیں

   

چار ماہ کے دوران کانگریس حکومت نے 17,618 کروڑ روپئے کا نیا قرض حاصل کیا

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کانگریس حکومت ریاست کی مالی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ انتشار کا شکار معیشت کو درست کرنے کے لیے بڑے پیمانے پراقدامات کئے جارہے ہیں سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے حاصل کئے گئے قرضوں اور سود کی ادائیگی کے لیے مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور اخراجات کے کنٹرول کو یقینی بنانے پر پیسہ کے اخراجات کو جوابدہ بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس حکومت نے 10 سال کے دوران 7 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا ۔ قرضوں کے اقساط اور سود کی ادائیگی ریاست کے خزانہ پر بہت بڑا بوجھ بن گیا ہے ۔ ریاست میں کانگریس کی نئی حکومت قائم ہونے کے بعد 13 اپریل تک 17,618 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا گیا تاہم اسی مدت کے دوران 25,911 کروڑ روپئے قرضوں کے اقساط اور سود ادا کیا گیا ہے ۔ نئے حاصل کردہ قرض سے زیادہ 8 ہزار کروڑ روپئے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں ۔ اس طرح ریاست کے عوام پر کچھ حد تک قرض کا بوجھ کم ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ سابق حکومت کی جانب سے حاصل کردہ قرض اور سود کی ادائیگی کے لیے 125 دن میں ریونت ریڈی حکومت نے روزانہ اوسطاً 207 کروڑ روپئے خرچ کیا ہے ۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت اپنی تشکیل کے پہلے دن سے سابق حکومت کی جانب سے حاصل کردہ قرض اور سود کی ادائیگی کو ترجیح دے رہی ہے ۔ قرض اور سود کی ادائیگیوں کے علاوہ 5816 کروڑروپئے کا سرمایہ بھی یوٹیلیٹی کاموں پر خرچ کیا گیا ۔ ایسا لگتا ہے موجودہ کانگریس حکومت سابق بی آر ایس حکومت کی طرح بھاری قرض حاصل کرنے کے بجائے کنٹرول کو برقرار رکھنے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے ۔ مارکٹ میں قرض لینے اور لاگت کو ایڈجسٹ کرنے کا طریقہ بجٹ کی رکاوٹوں کا تابع ہوتا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ ماضی کے مقابلے قرضوں کے حصول میں کمی کو اچھی علامت تصور کیا جارہا ہے ۔ اس طرح کا کنٹرول ریاست کے قرضوں کے بوجھ میں کمی واقع ہوگی ۔ دسمبر 2023 سے اب تک چار ماہ میں حکومت نے 15,968 کروڑ روپئے کا قرض لیا ہے ۔ گذشتہ حکومت مالیاتی سال 2022-23 میں اسی مدت کے دوران 19,569 کروڑ اور مالیاتی سال 2021-22 میں 26,995 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ۔ ریونت ریڈی حکومت نے عبوری بجٹ میں 59,625 کروڑ روپئے قرض حاصل کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ جس میں ابھی تک صرف 2,500 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا گیا ۔ قرض لینے کا دائرہ بڑھ گیا ہے کیوں کہ مجموعی ریاستی پیداوار ( جی ایس ڈی پی ) میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے ۔ اگرچہ کے جی ایس ڈی پی زیادہ ہے لیکن حکومت کا کم قرض ایک نئی تبدیلی کی علامت بتایا جارہا ہے ۔۔ 2