حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریسی قائد علی بن ابراہیم مسقطی نے کہا کہ ریونت ریڈی نے انتہائی کم عرصہ میں مقبول ترین چیف منسٹر کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ علی مسقطی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی ریونت ریڈی کی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی کا نتیجہ ہے۔ اقتدار سنبھالتے ہی دو دنوں میں 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا گیا جس کی عوام کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔ عوامی مسائل کی سماعت کیلئے پرجا دربار کا آغاز کیا گیا جو ملک میں ایک تاریخی اقدام ہے۔ پرانے شہر کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کا موقف مستحکم ہوچکا ہے اور بلالحاظ مذہب وملت عوام کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام کے درمیان رہتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کرے گی۔ کانگریس کی چھ ضمانتوں سے بلالحاظ مذہب و ملت عوام کو فائدہ ہوگا۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کی ستائش کرتے ہوئے علی مسقطی نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کے مالی بوجھ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے عیدالفطر کی دو دن تعطیل کے فیصلہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے حکومت کے اہم اداروں پر مسلم نمائندوں کو فائز کریں۔ انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت سے تعاون کریں اور تنقیدوں کے بجائے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے ان پر اندرون 100 دن عمل آوری کی جائے گی ۔ پرانے شہر کی ترقی کے لیے حکومت جامع منصوبہ تیار کررہی ہے ۔