ریونت ریڈی نے پرگتی بھون کے پاس ٹیچرس کو گرفتار کرنے کی مذمت کی

   

حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے پرگتی بھون کے پاس جمہوری انداز میں احتجاج کرنے والے گورنمنٹ ٹیچرس کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی اور جی او 317 سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ گورنمنٹ ٹیچرس نے آج سنکرانتی تہوار کے باوجود تبادلوں کے خلاف پرگتی بھون پہنچ کر احتجاج کیا جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حکومت کی بے حسی اور پولیس کے ظالمانہ رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرس اپنے جائز حقوق کیلئے جمہوری انداز میں احتجاج کررہے تھے۔ انہوں نے کوئی توڑپھوڑ نہیں کی اور نہ ہی کسی تشدد میں ملوث ہوئے۔ تلنگانہ میں حق کی آواز اٹھانے والوں کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔ن
تلنگانہ کی تحریک میں گورنمنٹ ٹیچرس کا رول ناقابل فراموش ہے۔ علحدہ تلنگانہ میں انصاف ہونے کی انہیں امید تھی لیکن ان کی خدمات کو فراموش کردیا گیا ہے۔ جی او 317 ٹیچرس کے حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کو فوری منسوخ کرنے کی ضرورت ہے۔ سنکرانتی تہوار کے موقع پر احتجاجی ٹیچرس سے مذاکرات کرنے کے بجائے انہیں گرفتارکرنا نامناسب ہے۔ کانگریس پارٹی ٹیچرس کے احتجاج کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے اور جی او 317 کی منسوخی تک احتجاج کی مکمل تائید کرے گی۔ن