ریونت ریڈی کی آج سالگرہ، شہرو اضلاع میں بڑے پیمانے پر تقاریب

   

چیف منسٹر کا دورہ بھونگیر، مندر میں پوجا ، موسیٰ ندی کے قریب ڈھائی کلو میٹر طویل پدیاترا، آلودگی پر عوام و کسانوں سے گفتگو
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کل 8 نومبر کو سالگرہ کے موقع پر ریاست بھر میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر تقاریب کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد یہ پہلی سالگرہ ہے لہذا شہر اور اضلاع میں چیف منسٹر کے حامیوں کی جانب سے کئی ایک پروگرامس کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ریونت ریڈی اپنی سالگرہ کے موقع پر بھونگیر ضلع کا دورہ کریں گے اور وہاں کی مشہور یادادری مندر میں خصوصی پوجا کریں گے۔ چیف منسٹر بھونگیر میں موسیٰ ندی سے متصل علاقوں کے عوام بالخصوص کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے موسیٰ ندی کی آلودگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ بھونگیر سی ایچ کرن کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ رکن پارلیمنٹ کے مطابق چیف منسٹر صبح 8:45 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یادادری کی لکشمی نرسمہا سوامی مندر پہنچیں گے اور خصوصی پوجا کریں گے۔ 10 بجے صبح وہ یادادری ٹمپل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مندر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ دوپہر ایک بجے چیف منسٹر ولی گونڈہ منڈل کے سنگم گاؤں پہنچیں گے۔ موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقوں میں بسنے والے عوام اور کسانوں کے ساتھ چیف منسٹر موسی ندی سے متصل مختلف گاوؤں میں 2.5 کلو میٹر طویل پدیاترا کریں گے اور دھرما ریڈی پلی کنال کا معائنہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے۔ موسیٰ ندی کی دونوں جانب کے عوام بالخصوص کسانوں سے موسی سنکلپ یاترا کے تحت ملاقات کی جائے گی۔پدیاترا کریں گے اور بھاوی لنگم کے درشن کریں گے جو موسیٰ ندی کے درمیان میں لگایا گیا ہے۔ چیف منسٹر کسانوں کے علاوہ مقامی افراد سے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ موسیٰ ندی کی آلودگی کے نتیجہ میں کسانوں کی فصلیں زہر آلود ہورہی ہیں اور پانی کے استعمال سے عوام فلورائیڈ جیسی بیماریوں کا شکار ہیں۔ چیف منسٹر موسیٰ ندی کی آلودگی سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے تیقن دیں گے کہ حکومت ریور فرنٹ پراجکٹ کے ذریعہ مستقل طور پر آلودگی کا خاتمہ کرے گی، نلگنڈہ اور بھونگیر کو صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ کرن کمار ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کسانوں اور عوام کو پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر اور نلگنڈہ کے عوام نے پراجکٹ میں رکاوٹ کے خلاف احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی غیر ضروری مخالفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں موسی ریور فرنٹ کے متاثرین کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حکومت منصوبہ کے مطابق موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کی تکمیل کرتے ہوئے شہر کی ترقی اور نلگنڈہ تک پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔1