تمڈی ہٹی بیاریج کی تعمیر پر بات چیت، متحدہ عادل آباد ضلع کے آبی ضرورتوں کی تکمیل
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 26 اکتوبر کو ممبئی میں چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس سے ملاقات کریں گے اور تلنگانہ میں تمڈی ہٹی بیاریج کی تعمیر کے سلسلہ میں مہاراشٹرا حکومت سے تعاون کی اپیل کریں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیدار آج شام ممبئی روانہ ہو گئے۔ مہاراشٹرا حکومت نے 152 میٹر کی بلندی کے ساتھ بیاریج کی تعمیر کی اجازت سے اتفاق کیا تھا۔ اس سلسلہ میں قطعی مذاکرات کے ذریعہ تلنگانہ حکومت تعمیری کاموں کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ دونوں چیف منسٹرس کے درمیان ممبئی میں صبح 11 بجے ملاقات کا وقت طے کیا گیا۔ تمڈی ہٹی بیاریج کی تعمیر کے ذریعہ متحدہ عادل آباد ضلع کی آبپاشی اور پانی کی ضروریات کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ شمالی تلنگانہ میں طویل عرصہ سے آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے حکومت نے بیاریج کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے پراجکٹ پر مذاکرات کیلئے وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے مداخلت کی اپیل کی تھی۔ بتایا گیا کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا کے دفتر سے تلنگانہ حکومت کو جو پیام ملا اس میں بتایا گیا کہ چیف منسٹر دیویندر فڈنویس پیر کو ملاقات کریں گے۔ تلنگانہ حکومت بیاریج کی بلندی کو 148 میٹر سے بڑھا کر 152 میٹر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ گوداوری سے زائد پانی حاصل کیا جاسکے۔ متحدہ عادل آباد و شمالی تلنگانہ کے علاقوں کی آبی ضرورتوں کی تکمیل کی جاسکے گی۔ مہاراشٹرا حکومت کو اندیشہ ہے کہ بیاریج کے تعمیر کی صورت میں کئی مواضعات زیر آب آسکتے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات کے بعد تمڈی ہٹی بیاریج کی 152 میٹرس بلندی کے ساتھ تعمیر کی راہ ہموار ہوگی۔ 1؍F