ریونت ریڈی کی درخواست ضمانت مسترد

   

حیدرآباد۔ 11 مارچ (سیاست نیوز) میاں پور کی مقامی عدالت نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما رائو کے جنواڑہ میں واقع فارم ہائوز کی ڈرون کیمرے سے فلم بندی کے الزام میں پولیس نے ریونت ریڈی کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ ضمانت کی درخواست پر کل مباحث ہوئے اور جج نے فیصلے کو محفوظ کردیا تھا۔ عدالت نے آج فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ اس مقدمے میں 8 افراد کو ملوث کیا گیا ہے جن میں سے پانچ کو راجندر نگر کورٹ نے پہلے ہی ضمانت دے دی ہے۔ اسی دوران ریونت ریڈی کی قیام گاہ پر پولیس کے زائد دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کسی کو مکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ مکان میں موجود افراد کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔