ریونت ریڈی کی یاترا کا 6 فروری کو ملگ اسمبلی حلقہ سے آغاز

   

60 دن میں 50 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ، بجٹ میں تلنگانہ سے ناانصافی کی شکایت
حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 6 فروری سے تلنگانہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا ملگ اسمبلی حلقہ سے آغاز ہوگا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا شروع کی جارہی ہے تاکہ راہول گاندھی کے پیام کو گھر گھر پہنچایا جائے۔ ملگ میں سمکا سارکا جاترا کے موقع پر ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یاترا میں قومی قائدین شرکت کریں گے۔ پہلے مرحلہ میں 60 دن تک جاری رہنے والے اس یاترا کے ذریعہ 40 تا 50 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ یاترا کے دوسرے مرحلہ کا پروگرام پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد طئے کیا جائے گا۔ مرکزی بجٹ کو تلنگانہ کیلئے مایوس کن قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا تلنگانہ کیلئے کوئی اہم اعلان بجٹ میں شامل نہیں ہے۔ مرکز کا رویہ تلنگانہ کے ساتھ انتہائی جانبدارانہ ہے۔ بیارم اسٹیل فیکٹری کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص نہیں کئے گئے۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا کوئی تذکرہ نہیں۔ غریبوں کیلئے کوئی نئی اسکیم کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو صرف صنعتی گھرانوں کے فائدہ کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے ناانصافی کیلئے نریندر مودی اور کے سی آر برابر کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ر