ریکھانے حیدرآبا میں گذارے اپنے یادگار دنوں کو یاد کیا

   

ہندی فلموں کی خوبصورت و سدابہار اداکارہ ریکھا نے پرانے دنوں خاص کر حیدرآباد میں گذارے اپنے یادگار دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اناپورنا اسٹوڈیو آکر انہیں ایسا محسوس ہوا ہے کہ وہ اپنے گھر واپس آگئی ہیں۔ وہ یہاں اتوار کو منعقدہ اکنینی ناگیشور راو ایوارڈ تقریب سے مخاطب تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اکنینی ناگیشوراو حالانکہ شرمیلے مزاج کے تھے لیکن جب وہ کیمرہ کے روبرو ہوتے تھے تو ان کی اداکاری کھل کر سامنے آجاتی تھی۔ ریکھانے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلی تلگو فلم ’’سورگ سندری‘‘ دیکھی تھی اس تقریب میں ریکھا اور سری دیوی کو اے این آر ایوارڈ برائے 2018-19 کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔ سری دیوی کا ایوارڈ آنجہانی اداکارہ کے پتی بونی کپور نے حاصل کیا۔ اس تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے اکنینی ناگرجنا نے کہا کہ سنیما کو ہی انہوں نے اپنا پریوار سمجھا ہے اور اسی جذبہ سے اے این آر ایوارڈ کی شروعات کی گئی۔ ناگرجنا نے کہا کہ یہ ایوارڈ فلمی دنیا کی ان شخصیتوں کو دیئے جاتے ہیں جنہوں نے فلموں کے لئے اپنی زندگی وقف کردی اور ریکھا اور سری دیوی کو یہ اعزاز حاصل ہے۔ اس تقریب میں ساوتھ سوپر اسٹار چرنجیوی پروڈیوسر ٹی سبی رامی ریڈی کے علاوہ تلگو فلمی صنعت کی کئی شخصیتیں موجود تھیں۔