زخمی بمراہ ٹسٹ سیریز سے باہر ،اومیش متبادل

   

ممبئی ۔24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اومیش یادو جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کے لئے زخمی فاسٹ بولر جسپریت بْمراہ کی جگہ لیں گے۔ بمراہ کوپیٹھ کے نچلے حصے میں معمولی تکلیف ہے اور وہ اس زخم میں متبلاء ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔ بمراہ ، جنھیں ٹوئنٹی20 سیریز میں آرام دیا گیا تھا اور اس سیریز میں دونوں فریق ہندوستان اور جنوبی افریقہ نے 1-1 کی کامیابی حاصل کی تھی ۔ معمول کی ریڈیولاجیکل اسکریننگ کے دوران بمراہ کی چوٹ کا پتہ چل گیا ۔ بورڈ نے منگل (24 ستمبر) کو ایک ریلیز میں کہا کہ زخمی بمراہ اب این سی اے میں بحالی کے دور سے گزریں گے اور اس کی نگرانی بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہ ہونے والے اومش نے آخری مرتبہ 2018 میں پرتھ ٹسٹ کھیلا تھا جب ہندوستان نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا ، اس ٹسٹ کی پہلی اننگز میں وہ دو وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ دوسری اننگز میں وکٹ سے محروم رہے تھے۔ اب تک 41 ٹسٹ مقابلوں میں، اومیش نے 33..47 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 2 اکتوبر کو ویزاگ میں شروع ہوگا ، اس کے بعد پونے اور رانچی میں سیریز کے باقی دو ٹسٹ کھیلے جائیں گے۔ہندوستان کا ٹیسٹ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے : ویراٹ کوہلی (کپتان) ، ماینک اگروال ، روہت شرما ، چتیشور پجارا ، اجنکیا رہانے (نائب کپتان) ، ہنوما وہاری ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر) ، وریدھیمان ساہا ، روی چندرن اشون ، رویندر جڈیجہ ، کلدیپ یادو ، محمد سمیع ، اومیش یادو ، ایشانت شرما ، اور شبمان گل۔