زخمی فلسطینی بچے اور کینسر کے مریض علاج کیلئے امارات پہنچ گئے

   

دبئی : زخمی فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کو لے کر دسواں طیارہ امارات پہنچ گیا۔ دوسری جانب امارات نے طبی آلات سے لیس 10 ایمبولینسیں غزہ پہنچا دیں۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبرساں ایجنسی ’وام‘ اور الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ روزدسواں اماراتی طیارہ زخمی فلسطینی بچوں اور کینسر کے مریضوں کو لے کر امارات پہنچ گیا۔العریش ایئرپورٹ سے آنے والا امارات کا 10 واں طیارہ ابوظبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا جس میں 86 افراد کو طبی امداد کی ضرورت تھی اور ان کے ہمراہ ان کے اہل خانہ بھی تھے۔ابوظبی پہنچنے پر زخمی فلسطینی بچوں کے اہل خانہ نے وام کو بتایاکہ اس عظیم انسانی اقدام پر وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیا اور انہیں طبی امداد کی فراہمی کے لیے بذریعہ طیارہ یہاں پہنچایا۔دوسری جانب ’دی گیلنٹ نائٹ 3‘ پروگرام کے تحت امارات نے میڈیکل آلات اور دواؤں سے لیس 10 ایمبولینسیں رفح کراسنگ کے راستے غزہ پہنچا دیں۔ ان ایمبولینسوں کے ذریعے غزہ کے صحت کے شعبے کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور غزہ میں زخمیوں کے علاج اور طبی خدمات کی فراہمی میں سہولت ہوگی۔یاد رہے کہ امارات کا فیلڈ ہسپتال بھی اس وقت غزہ میں طبی خدمات انجام دے رہا ہے اور امارات غذائی امداد بھی فلسطینیوں کی مدد کے لیے ارسال کررہا ہے۔آپریشن ’گیلنٹ نائٹ 3‘ کے تحت امارات کی طرف سے اب تک 10575 ٹن امدادی اشیا فراہم کی ہیں یہ اشیا 435 ٹرکوں اور بحری جہاز اور 154 کارگو طیاروں کے ذریعے غزہ بھیجی گئی۔امارات نے اب تک 1.2 ملین گیلن یومیہ پیداواری صلاحیت کے حامل 6 واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹس بھی غزہ کے رہائشوں کے لیے لگائے ہیں جس سے انہیں فائدہ ہورہا ہے۔