زرعی قرض معافی کیلئے 5,450 کروڑ جاری

   

۔12 لاکھ کسانوں کو فائدہ ۔ چیف منسٹر کرناٹک کمارا سوامی
بنگلورو 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں جے ڈی ایس ۔ کانگریس حکومت نے کسانوں کے قرض معافی اسکیم کیلئے اب تک 5,450 کروڑ روپئے جاری کردئے ہیں۔ چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے یہ بات بتائی ۔ اتحادی حکومت کا دوسرا بجٹ پیش کرتے ہوئے کمارا سوامی نے کہا کہ حکومت کی اس اسکیم سے ریاست میں 12 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ کمارا سوامی فینانس کا قلمدان بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مرکز کی آیوشمان بھارت اسکیم کو ریاست کی آروگیہ کرناٹک اسکیم میں ضم کیا جائیگا اور اس کا نام آیوشمان بھارت کرناٹک رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اب تک کے جو 61.5 لاکھ استفادہ کنندگان ہیں ان میں مزید 52 لاکھ کا اضافہ کیا جائیگا ۔ بی جے پی کے ارکان بی ایس ایڈورپا کی قیادت میں ایوان کا بائیکاٹ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایوان میں اکثریت حاصل نہیں ہے ۔کانگریس کے ارکان نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ریاست میں اتحادی حکومت کو زوال کا شکار کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔