زرعی قوانین کیخلاف جنترمنتر پر یوتھ کانگریس کی مشعل ریالی

   

نئی دہلی: انڈین یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے مرکز کے نئے زرعی قوانین اور پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کی منسوخی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جنترمنتر پر مشعل ریالی نکالی۔ اس ریالی میں سینکڑوں یوتھ کانگریس کارکنوں نے شرکت کی۔ یہ مشعل ریالی پارٹی آفس سے جنترمنتر تک یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی کی زیرقیادت نکالی گئی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس نے کہا کہ سارا ہندوستان مشکلات کا شکار ہے۔ اس سردموسم میں ہندوستان بھر کے لوگ پریشان ہیں۔ مرکزی حکومت اس سردی میں کسانوں کو موت کے منہ میں ڈھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تائید میں وکلاء خودکشی کررہے ہیں۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر چمپئن رہنے والے کھلاڑیوں نے اپنے میڈلس واپس کئے ہیں۔ مشہور ممتاز سیاستدانوں نے بھی اپنے پدما ویبھوشن ایوارڈ بھی واپس کئے ہیں لیکن وزیراعظم یہ ثابت کرنے میں مصروف ہیں کہ کسان ان پڑھ ہیں اور ان کے ساتھ بات چیت کرنے کے بجائے وہ انہیں نظرانداز کررہے ہیں۔ وزیراعظم مسلسل کسانوں کی توہین کرتے جارہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ کسان برادری کو گمراہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل اپنا اعتبار کھوتے جارہے ہیں۔