زندگیوں کو خوشگوار بنانے کیلئے اخلاق و کردار کی بڑی اہمیت

,

   

حیدرآباد ۔21 اپریل ( سیاست نیوز) ’’سیاست‘‘ اور ’’ ملت فنڈ‘‘ کے زیراہتمام 96 ویں ’’دوبدو ملاقات پروگرام ‘‘ ریڈ روز پیالیس کے وسیع و عریض ہال روبرو حج ہاؤز ( نامپلی ) میں منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد رات میں شب بیداری کے باوجود دیکھی گئی اور ریڈ روز پیالیس تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا جہاں پر سیاست اور ملت فنڈ نے والدین کی سہولت اور مناسب رشتوں کی رہبری و رہنمائی میںحسب سابق کی طرح مختلف تعلیمی زمروں کے لحاظ سے کاؤنٹرس رکھے جس میں والینٹرس اور ملت فنڈ کے کارکنوں نے ان کی رہبری و رہنمائی کی ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ ’’سیاست‘‘ اس پروگرام کی سرپرستی کررہے تھے ۔جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہمراہ جناب افتخار شریف ( حال مقیم شکاگو) ، محمد اقبال علی انڈیا بیت المال گلبرگہ ، جناب منظور احمد ، جناب حیات حسین حبیب اور دیگر این آر آئیز کے ہمراہ مختلف کاؤنٹرس کا معائنہ کیا اور ان کاؤنٹر پر موجود والینٹرس نے انہیں تفصیلات سے واقف کروایا اور والدین سے بات چیت کی ۔ جناب افتخار شریف ( شکاگو) ، جناب محمد اقبال علی (گلبرگہ) ، محترمہ صالحہ ( حال مقیم جدہ سعودی عرب) نے پروگرام پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے جناب زاہد علی خان اور جناب ظہیر الدین علی خان کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست جو کہ صرف ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک تحریک ہے ۔ اس کا عملی مظاہرہ ان دوبدو پروگرام کے ذریعہ نہیں بیرونی ممالک میں بھی بسنے والا کو ملا اور جب ہم وطن آتے ہیں تو یہ پروگرام کو دیکھنے کی خواہش و تمنا بھی ہوتی ہے ۔ جناب افتخار شریف نے کہا کہ وہ اس سے قبل پروگرام میں شرکت کرچکے ہیں اور اس وقت جو ہجوم والدین کا موجود تھا اور آج بھی میں نے دیکھا ہے اس کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کیلئے بڑے فکر مند ہیں۔ اس موقع پر بنگلور کے این آر آئی نے بھی شرکت کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ۔ جناب محمد اقبال علی ( گلبرگہ ) نے کہا کہ پروگرام کو صرف حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کو دیگر ریاستوں میں بھی منعقد کریں ۔ انہوں نے تجویز رکھی کہ عنقریب گلبرگہ کی سرزمین پر بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد ہوگا ۔ شہ نشین پر جناب محمد ناظم الدین ، صالح بن عبداللہ باحازق ، ڈاکٹر ایوب حیدری، شاہد حسین ، ڈاکٹر شیخ سیادت علی ، جناب الیاس پاشاہ ، ناظم علی ، محمد احمد اور دوسرے موجود تھے ۔ پروگرام کا آغاز حافظہ مرجین حسن کی قرأت اور نعت شریف سے ہوا ۔ ڈاکٹر شیخ سیارت علی نے کہا کہ مسلمانوں نے رات میں دعائیں کی اور اللہ کے حضورؐ اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے درخشاں مستقبل اور ان کے لئے بہتر رشتوں کی دعائیں مانگیں یقیناً اللہ ان کی دعاؤں کو قبول کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے مقدس کتاب مسلمانوں کے ذریعہ بنی نوع انسان تک دی تاکہ انسانیت تک اس کو پہنچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان رشتوں کے تادیرپا قائم رہنے اور زندگیوں کو خوشگوار بنانے کیلئے اخلاق و کردار کی بڑی اہمیت ہوا کرتی ہے لیکن آج جو لڑکے اور لڑکیاں اسکولس وکالجس میں تعلیم حاصل کر کے اپنی گھریلو زندگی کے دہانے جب کھڑے رہ رہے ہوں تو وہ اخلاق سے عاری نظر آتے ہیں۔ جناب الیاس پاشاہ پروگرام کے مقصد پر رونی ڈالی اور کہا کہ اس کا مقصد صرف رشتے ہی طئے کرنا نہیں ہے بلکہ شادی سے قبل لڑکے اور لڑکی کو ذمہ داری کا احساس دلانا ہے تاکہ ان میں جو خامیاں اورخرابیاں پیدا ہوئی ہوں وہ دور ہوسکے ۔ پروگرام کا آغاز 10بجے سے ہوا اور 4بجے شام تک والدین کی بڑی تعداد مختلف کاؤنٹرس پر دیکھی جارہی تھی اور 11بجے دن سے ہی والدین رجسٹریشن کاؤنٹر بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کرواتے ہوئے دیکھے گئے ۔ آج کے اس دوبدو پروگرام میں انجنیئرنگ کاؤنٹر پر میر انور الدین ، شاہد حسین ، محمد احمد ، میڈیسن کاؤنٹر پر ڈاکٹر دردانہ ،ڈاکٹر سیادت علی ، پوسٹ گریجویٹ کاؤنٹر پر ڈاکٹر ناظم علی ، الیاش باشاہ ، تسکین اور گریجویٹس کاؤنٹر پر ناظم الدین ، رئیسہ ، صالح بن عبداللہ باحازق ، ایس ایس سی ، عالم فاضل و انٹرمیڈیٹ کے کاؤنٹرس پر شائستہ ، شاہانہ ، عقد ثانی کے کاؤنٹر پرآمینہ ، مظہر اور ثانیہ اور تاخیر سے ہونے والی شادی کے کاؤنٹر پر محترمہ خدیجہ سلطانہ اور سیاست میٹری ڈاٹ کام کاؤنٹر پر شمیم بیگم کے علاوہ لڑکوں کے رجسٹریشن کاؤنٹر پر سریکانت ، محمد عثمان اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کاؤنٹر افسر بیگم ، یاسمین بیگم ، فرحانہ بیگم ، ریشما بیگم نے اپنی خدمات انجام دیں ۔ اس کے علاوہ جناب خالد محی الدین اسد اور ڈاکٹر ایوب حیدری ، فریدہ حیدری نے سوپروائیزنگ اسٹاف کی حیثیت سے والدین اور سرپرست اور مہمان کا استقبال کیا اور ان کی رہبری کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ آج کے پروگرام میں لڑکوں کے 120 اور لڑکیوں کے 150 بائیوڈاٹاس رجسٹریشن کروائے گئے ۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام سے بھی کئی والدین اور سرپرستوں نے ملاقات اور انہیں ان کی رہبری و رہنمائی کیا ۔ اس پروگرام کو شہر ، ملکی اور عالمی سطح تک راست ٹیلی کاٹ کرنے یوٹیوب ، فیس بُک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ نشر کی سہولت مہیا کی گئی تاکہ تارکین وطن جو امریکہ ،کینیڈا ، آسٹریلیا ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ، ابوظہبی ، قطر ، شارجہ ، یوروپی ممالک میں مقیم ہیں وہ دیکھ سکیں ۔ انہوں نے عنقریب 100ویں دوبدو ملاقات پروگرام پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے جناب زاہد علی خان ، جناب ظہیر الدین علی خان ، جناب عامر علی خان اور اسٹاف کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انتظامیہ نے پروگرام کے ریڈروز پیالیس ( نامپلی) میں منعقد کرنے پرمالکین ریڈروز سے اظہار تشکر کیا ہے ۔شہر ، ملکی اور عالمی سطح تک ٹیلی کاسٹ کرنے کیلئے جناب فہیم انصاری نے معاونت کی ۔ اس دوبدو پروگرام میں پوسٹ گریجوٹس کاؤنٹر پر والدین کا زیادہ ہجوم دیکھا گیا ۔