زیادہ ٹسٹوں سے کورونا پازیٹیو کیسوں میں اضافہ : اے پی

   

امراوتی ۔ حکومت آندھرا پردیش نے ریاست میں کورونا کیسوں میں گذشتہ چند دنوں کے دوران زبردست اضافہ کو زیادہ تعداد میں ٹسٹ کروانے کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ لاک ڈاون تحدیدات میںنرمی کے بعد دوسری ریاستوں سے بھی لوگوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے بھی کورونا کیس بڑھنے لگے ہیں۔ آندھرا پردیش میں کورونا کیسوں کی تعداد کل 1,20,390 ہوگئی تھی اور کل ایک دن میں 10 ہزار سے زائد پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے تھے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ( ہیلت ) اے کے کے سرینواس نے کہا کہ ریاست میں کیسوں میں مسلسل اضافہ کی ایک وجہ یہ ہے کہ یہاں زیادہ تعداد میں معائنے کئے جا رہے ہیں۔ اے پی میں کل تک جملہ 18,20,000 تک معائنے کئے جاچکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں معائنوں پر یومیہ پانچ کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں۔