زیر تعمیر عمارت کی چھت منہدم، دو مزدور ہلاک، دیگر زخمی

   


حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کوکٹ پلی میں زیر تعمیر عمارت کی چھت منہدم ہونے سے دو مزدور ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہیکہ علاقہ کوکٹ پلی میں بی جے پی پارٹی آفس کے قریب ایک اپارٹمنٹ کی تعمیر جاری تھی اور تین منزل تکمیل ہوچکے تھے ۔ اس عمارت کی چوتھی اور پانچویں منزل کی چھت کا کام جاری تھا۔ آج اچانک چھت منہدم ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت ملبہ میں تبدیل ہوگئی۔ اس عمارت کے ملبہ میں دب کر دو مزدور ہلاک ہوگئے۔ اطلاع کے فوری بعد مقام واردات پہنچی پولیس نے فائر بریگیڈ عملہ کو طلب کرلیا اور راحت کاری کے اقدامات کو انجام دیا۔ تاہم عمارت کے ملبہ کی صفائی اور ملبہ میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملبہ اس قدر زیادہ تھا کہ پولیس اور راحت کاری عملے کو ملبہ میں موجود افراد کا پتہ لگانے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پولیس کوکٹ پلی ڈیویژن چندر شیکھر نے دو مزدوروں کی ہلاکت کی توثیق کردی اور ان کی شناخت دیا شنکر اور آنند کی حیثیت سے کرلی گئی جن کا تعلق ریاست اتر پردیش سے بتایا گیا ہے۔ بلدی حکام نے بھی مقام واردات پہنچ کر جانکاری کا آغاز کردیا۔ اس عمارت کی تعمیر کیلئے اجازت نامہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی تعمیرات میں استعمال کی جارہی اشیاء کی بھی جانچ شروع کردی گئی ہے کہ آیا کتنے منزلہ عمارت کی اجازت لی گئی تھی اور کتنے منزل تعمیر کی جارہی تھی۔ تعمیر سے قبل ہی عمارت کا منہدم ہوجانا ناقص معیار کی طرف اشارہ کرتا ہے اور تعمیر سے قبل عمارت کا ملبہ میں بدل جانا تشویش اور شبہات کا سبب بنا ہوا ہے۔ اس علاقہ میں جاری تعمیرات پر بھی نظر رکھنے میں بلدی حکام لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع