زیر سماعت قیدیوں کی رہائی میں تیزی لانے کیلئے مہم

   

نیشنل لیگل سرویسیس اتھاریٹی کے زیر اہتمام 20 نومبر تک سرگرمی
نئی دہلی : نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (نلسا) نے ملک گیر مہم شروع کی ہے جس کا مقصد ہندوستان کے تمام اضلاع میں زیر سماعت قیدیوں کی تعدادکو کم کرنا اور ان کی رہائی کے عمل میں تیزی لانا ہے۔سپریم کورٹ کے جج اور نلسا کے ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس سنجے کشن کول نے18 ستمبر سے 20 نومبر تک چلائی جانے والی مہم کا آغازکیا تاکہ رہائی کے قابل سمجھے جانے والے قیدیوں کی شناخت اور جائزہ میں تیزی لائی جا سکے۔اس مہم کا مقصد انڈر ٹرائل ریویو کمیٹیوں کے موجودہ کام کو تیزکرنا ہے جو سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایات کی تعمیل میں 2015 میں 1,382 جیلوں میں تشکیل دی گئی تھیں۔یوٹی آر سی ضلعی سطح کے ادارے ہیں جن کی سربراہی متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کرتے ہیں جس میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سیکرٹریز، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹیز اور جیلوں کے انچارج افسران اس کے رکن ہوتے ہیں۔اس سے قبل، نلسا کی مہم جولائی اور اگست 2022 میں چلائی گئی تھی جس کے نتیجے میں ملک بھر میں37,220 قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔مہم کے آغاز کے موقع پر اپنے خطاب میں جسٹس کول نے اس بات پر زور دیا کہ رہائی کے لیے نظرثانی کے اہل ہونے کے باوجود جیلوں میں زیر سماعت قیدیوں کے مسائل سپریم کورٹ کے ساتھ ساتھ ہائی کورٹس کے سامنے آتے رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جج کے طور پر ہماری ذمہ داری اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ قانون کی پوری روح کے ساتھ عمل کیا جائے اور یہ کہ قانونی نمائندگی کے معیارکی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے ۔ مہم کے آغاز میں تمام ریاستی قانونی خدمات کے اتھاریٹیز کے ایگزیکٹو چیئرپرسن اور ممبر سکریٹریز اور دیگر عہدیداران، ڈی ایل ایس اے کے ایگزیکٹو چیئرپرسن اور سکریٹریز، اور یو ٹی آر سی کے ارکان نے شرکت کی۔