شرکت داروں کو فی کس 420 کروڑ کی آمدنی، کئی افراد کو رشوت، ارون رامچندر پلئی کا بیان
حیدرآباد۔8۔مارچ۔(سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی رپورٹ کے مطابق ساؤتھ گروپ نے 3500کروڑ کا شراب کا کاروبار کیا ہے اور اس کاروبار سے ساؤتھ گروپ کے شراکت داروں کو فی کس 420 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔ ارون رامچندر پلئی کی گرفتاری اور عام آدمی پارٹی کے گرفتار شدہ قائدین کے سامنے انہیں لے جائے جانے کے بعد ارون پلئی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے 100 کروڑ روپئے عام آدمی پارٹی قائدین کو دیئے ہیں اور انہیں 292کروڑ کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ ارون رامچندر پلئی نے ساؤتھ گروپ کے ذریعہ عام آدمی پارٹی حکومت میں شامل افراد اور عہدیداروں کو رشوت کی رقم پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انہوں نے ای ڈی کی تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ ساؤتھ گروپ میں کے کویتا کے نمائندہ کے طور پر موجود ہیں اور وہ انہیں کمپنی میں کویتا کے مفادات کے تحفظ کے لئے رکھا گیا تھا۔ انہو ںنے بتایا کہ ساؤتھ گروپ نے 3500 کروڑ کا شراب کاکاروبار کیا ہے اور ان کے علاوہ کمپنی میں موجود پریم کمار وائی ایس آر سی پی رکن پارلیمنٹ ایم سرینواسلو ریڈی کے نمائندہ کے طورپر موجود ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی رپورٹ کے مطابق انڈو اسپرٹ میں پریم کمار 32.5 فیصد کے حصہ دار ہیں جبکہ ارون رامچندرپلئی 32.5 فیصد کے حصہ دار ہیں اس کے علاوہ ان لوگوں نے شراب کے کاروبار میں 30 فیصد کی شراکت داری سنڈیکیٹ کے ساتھ حاصل کی ہے اور اس شراکت داری سے قبل ارون رامچندر پلئی نے نئی شراب پالیسی تیار کرنے کے معاملہ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے درمیان رابطہ کا کردار ادا کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ انفورسمنٹ کی تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہواہے کہ ارون نے ان معاملتوں کے علاوہ 12 فیصد حصہ بھی حاصل کیا ہے جو کہ اس معاملت میں ان کا اپنا منافع شمار کیا جا رہاہے۔ ای ڈی کے ذرائع کے مطابق پلئی ‘ بچی بابو اور ابھیشک نے شراب کے کاروبار کے لئے علحدہ سنڈیکیٹ تیار کرتے ہوئے انڈو اسپرٹ میں 30 فیصد کی شراکت داری حاصل کی تھی جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ تمام شراکت دار دوسروں کے نمائندہ ہونے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعہ خود بھی کاروبار سے استفادہ کرنے کے علاوہ اپنا حصہ حاصل کر رہے تھے اور ان لوگوں کو اپنے نمائندہ کے طور پر کمپنیوں میں رکھتے ہوئے سیاستداں ان کمپنیوں میں اپنے مفادات کا تحفظ کرتے رہے ہیں۔م